پی ایس ایل 11 کا کل سے آغاز: کپتانوں کا اچھی کرکٹ کھیلنے کے عزم کا اظہار

بدھ 25 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کپتان ٹرافی جیتنے اور شائقین کے لیے بہترین کرکٹ پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

لاہور میں منعقدہ پریس کانفرنس میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہاکہ پی ایس ایل 11 کی تیاری بہترین رہی ہے اور ٹیم اچھا مقابلہ کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 10 سال پی ایس ایل کے کامیاب سال رہے ہیں اور مستقبل میں بھی لیگ میں اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہاکہ وہ شائقین کو مس کریں گے، لیکن ٹیم بہترین کرکٹ کھیل کر ٹی وی پر شائقین کے لیے دلچسپ مقابلہ پیش کرے گی۔

اس موقع پر راولپنڈی کے کپتان محمد رضوان نے بھی کہاکہ پی ایس ایل مستقبل میں مزید کامیاب ہوگی اور لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا رہے گا۔

حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی جلد ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ ہو جائیں گے اور مضبوط ٹیم بن کر کھیل پیش کریں گے۔

ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے کہا کہ پاکستان آ کر بہت اچھا لگ رہا ہے اور وہ پوری کوشش کریں گے کہ بہترین کرکٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ایک مضبوط ٹیم ہے اور تمام کھلاڑی اعلیٰ معیار کے ہیں۔

ڈیوڈ وارنر کا اعتماد اور فٹنس پر زور

کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سیزن کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہدف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود وینیوز کے باوجود ٹیم کو جلد حالات سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔

انہوں نے اسکواڈ کے انتخاب کو متوازن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم دیگر حریفوں کے خلاف سخت مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ 39 سال کی عمر میں اپنی فٹنس پر بات کرتے ہوئے وارنر نے کہا کہ سخت ٹریننگ اور صحت مند طرز زندگی ان کی کارکردگی برقرار رکھنے میں مدد دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 کا افتتاحی میچ کل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp