25 ارب روپے ٹرانزیکشنز کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اداکار حمزہ عباسی کی ٹک ٹاکر بہن کو بڑا ریلیف دیدیا

جمعرات 26 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹک ٹاکر ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف 25 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز اور منی لانڈرنگ کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے ایک مقدمہ کالعدم قرار دے دیا، جبکہ دیگر تحقیقات جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت میں پیش کیے گئے ریکارڈ کے مطابق ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے 22 بینک اکاؤنٹس میں 25 ارب روپے کے ٹرن اوور کا انکشاف ہوا تھا، جبکہ ان کی ظاہر کردہ سالانہ آمدن صرف 4 سے 6 لاکھ روپے بتائی گئی۔

مقدمے میں یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر رقوم امریکا اور متحدہ عرب امارات (دبئی) منتقل کیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی معروف اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن ہیں۔

 عدالت کا فیصلہ

جسٹس خادم حسین سومرو نے تینوں کیسز پر تحریری فیصلے جاری کیے۔ عدالت نے

بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے خلاف درخواست کو نمٹا دیا۔

یہ بھی پڑھیے حمزہ علی کی پیدائش پر بڑی بہن نے ان کے ساتھ کیا کیا؟

25 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز اور منی لانڈرنگ کیس خارج کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

تیسرے کیس میں اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت کارروائی کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

 ایف آئی اے پر عدالت کے ریمارکس

عدالت نے قرار دیا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کیس میں طے شدہ قانونی طریقہ کار پر مکمل عمل نہیں کیا اور بعض مقامات پر اختیارات سے تجاوز کیا۔

تاہم عدالت نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ وہ قانون کے مطابق شفاف تحقیقات جاری رکھے۔

 تحقیقات اور الزامات

عدالت کے مطابق حوالہ ہنڈی اور مشکوک ٹرانزیکشنز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے بظاہر شواہد موجود ہیں۔

فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت تحقیقات جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیے نمل خاور کی چہرے کی سرجری، حقیقت کیا ہے؟

دورانِ تفتیش فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حکام کے ممکنہ کردار کا بھی تعین کیا جائے گا۔

 اکاؤنٹس سے متعلق ہدایات

اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ تحقیقاتی ادارہ ضرورت پڑنے پر اکاؤنٹس ڈی فریز کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ اگر الزامات ثابت نہ ہوئے تو اکاؤنٹس فوری طور پر بحال (ڈی فریز) کیے جائیں گے۔

یہ فیصلہ ایک اہم قانونی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس میں عدالت نے ایک جانب تحقیقاتی عمل میں خامیوں کی نشاندہی کی، جبکہ دوسری جانب مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کی مزید شفاف تحقیقات جاری رکھنے پر زور دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp