بنگلہ دیش کے ضلع ٹانگائل میں ٹرین حادثہ، 5 افراد جاں بحق

جمعہ 27 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کے ضلع ٹانگائل میں ٹرین کی زد میں آکر ایک بچے سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس نے واقعے کی تصدیق کردی۔

پولیس کے مطابق حادثہ جمعے کی شام کلیہاتی اپازیلا کے علاقے ڈھالادینگور میں پیش آیا۔ جمنا برج ایسٹ پولیس اسٹیشن کے افسر سبوجل حسین نے بتایا کہ متاثرہ افراد ڈھاکا جانے والی ایک بس کے مسافر تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش: ٹرین اور بس میں تصادم، 12 افراد جاں بحق

ابتدائی معلومات کے مطابق بس جمنا برج ہائی وے پر ایندھن ختم ہونے کے باعث رک گئی، جس کے بعد چند مسافر گاڑی سے اتر کر سڑک کے قریب ریلوے ٹریک کے پاس انتظار کرنے لگے۔

اسی دوران سراج گنج ایکسپریس ٹرین وہاں سے گزری اور ٹریک کے قریب موجود افراد کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں ایک بچہ، 2 خواتین اور 2 مرد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈھاکا، مسافر ٹرین کی 9 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 100 سے زائد مسافر زخمی

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد بظاہر ایک ہی خاندان کے افراد معلوم ہوتے ہیں، تاہم فوری طور پر ان کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔

اطلاع ملنے پر جمنا برج ایسٹ پولیس اور ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو ریلوے لائن کے قریب سے تحویل میں لے لیا گیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp