وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام نے نیشنل سیمی کنڈکٹر ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اپ اسکلنگ ٹریننگ پروگرام (یو ایس ٹی پی) کے انعقاد کے ساتھ ایک اہم سنگ میل حاصل کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا سیمی کنڈکٹر چِپ منصوبہ کیا ہے، یہ کتنا موثر ثابت ہوگا؟
4 ارب 844 ملین روپے کے منظور شدہ بجٹ کے ساتھ یہ پروگرام وزیر اعظم شہباز شریف کا ایک نمایاں فلیگ شپ اقدام ہے۔ اس کا بنیادی مقصد سیمی کنڈکٹر صنعت کے لیے اعلیٰ مہارت یافتہ افرادی قوت تیار کرنا اور پاکستان کو عالمی منڈی میں ایک مسابقتی مرکز کے طور پر متعارف کروانا ہے۔
یہ پروگرام پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے ذریعے نافذ کیا جا رہا ہے جو بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق ایک مضبوط ٹیلنٹ پول تیار کرنے میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔
جامعات کے درمیان اشتراک
اس منصوبے کے تحت اپ اسکلنگ ٹریننگ پروگرام (یو ایس ٹی پی) کے لیے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینیئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (جی آئی کے آئی) اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پایا ہے۔
اس اشتراک کے تحت شرکا کو سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجیز، خصوصاً ڈیجیٹل ڈیزائن اور ویریفیکیشن کے شعبوں میں خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔
تربیتی پروگرام کی تفصیلات
4 ماہ پر مشتمل اس اپ اسکلنگ ٹریننگ کے دوران جی آئی کے آئی تربیت فراہم کرے گا جبکہ این ای ڈی یونیورسٹی صنعت کے تقاضوں سے ہم آہنگ افرادی قوت کی تیاری میں معاونت کرے گی۔ توقع ہے کہ یہ تربیتی پروگرام مئی 2026 میں شروع ہوجائے گا۔
تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت
تقریب میں انسپائر پروجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی (پی ایس سی) کے چیئرمین، وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی، اور ریکٹر جی آئی کے آئی یونیورسٹی نے شرکت کی، جبکہ تعلیمی و صنعتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے اہم اسٹیک ہولڈرز بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر کا بیان
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ اقدام حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے اور انہیں جدید عالمی ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
مزید پڑھیے: ٹیکنالوجی کی بنیاد، سیمی کنڈکٹر
انہوں نے مزید کہا کہ سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجیز جدید جدت اور معاشی ترقی کا اہم مرکز ہیں اور این ایس ایچ آر ڈی پی جیسے اقدامات پاکستان کو عالمی سیمی کنڈکٹر ویلیو چین کا حصہ بنانے میں مدد دیں گے۔
ڈیجیٹل پاکستان وژن
وفاقی وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تعلیمی اداروں اور حکومت کے درمیان یہ اشتراک پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے لیے مثبت نتائج دے گا۔
وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ حکومت کے ڈیجیٹل معیشت کے ایجنڈے اور وزیرِ اعظم کے وژن ’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
مزید پڑھیں: ڈیجیٹل اور شفاف پاکستان کی جانب اہم پیشرفت، سی پی آئی بہتری کی حکمتِ عملی
یہ اقدام نہ صرف پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے بلکہ نوجوانوں کے لیے عالمی معیار کی مہارتیں حاصل کرنے کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گا۔













