جناح ہاؤس لاہور پر حملہ میں ملوث مرکزی شرپسند کردار پر مرتب کیا گیا بھیانک پروپیگنڈہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ مشتبہ قرار دیے جانیوالا شر پسند شخص بھی پی ٹی آئی کا سرگرم کارکن نکلا ۔
ذرائع کے مطابق شر پسند شخص کی شناخت عمران محبوب کے نام سے ہوئی ہے، جس کی تصدیق اس کے بھائی عرفان محبوب نے بھی کردی ہے۔ عمران محبوب اس وقت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں ہے۔
شر پسند شخص عمران محبوب کو ایک مخصوص منصوبہ کے تحت ابتدا میں ہی جناح ہاؤس بھیجا گیا تاکہ اُس کے مخصوص انداز کو جواز بنا کر اِسے ایجنسیوں کااہلکار قرار دے کرجناح ہاؤس پر حملہ کا سارا الزام سیکیورٹی اداروں پر تھوپا جا سکے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شر پسند شخص نجی ہوٹل کا ملازم اور سیاسی جماعت کے اہم کارکنوں میں شامل ہے۔ شر پسند عمران محبوب کے بارے میں سیاسی جماعت کی قیادت کے علاوہ دیگر سرغنوں نے بھی اسے ببانگ دہل ایجنسیوں کا اہلکار قرار دیا تھا۔
پی ٹی آئی نے عمران محبوب کو اپنے آفیشل ہینڈل سے جاری ویڈیو میں ایجنسیز کا بندہ قرار دیتے ہوئے جھوٹا،بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا تھا۔
عمران محبوب سے منسوب پی ٹی آئی پروپیگنڈ۱کو میڈیا کے کچھ نامور اینکر نے بھی سوشل میڈیا پربے نقاب کیا ہے۔ ایسے گھناؤنے پروپیگنڈے سے سچ کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ایسی بھونڈی حرکتوں سے اپنے جرائم کو جھوٹ کی آڑ میں چھپایا جا سکتا ہے۔