10 مئی ملکی تاریخ کا روشن اور یادگار دن ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

پیر 11 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وطن عزیز پورے جوش و خروش کے ساتھ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ منا رہا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 مئی ملکی تاریخ کا ایک روشن اور یادگار دن ہے جب پاک افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور سرزمینِ پاکستان کی طرف بڑھنے والے قدموں کو روکا۔

اسپیکر نے کہاکہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران افواجِ پاکستان نے تعداد اور وسائل میں کئی گنا بڑے دشمن کو ہر محاذ پر مؤثر جواب دیا، جبکہ دشمن رات کی تاریکی میں نہتے اور پرامن شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر قوم اور افواجِ پاکستان، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ایک مضبوط دیوار کی مانند کھڑے رہے، جس کے باعث دشمن کو زمینی محاذ پر پسپائی اختیار کرنا پڑی۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاک فضائیہ نے اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے دشمن کے 7 طیارے تباہ کیے اور دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا معترف بنایا، جبکہ پاک بحریہ نے بھی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کو اس کی حدود تک محدود رکھا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم فضائیہ اور بحریہ کی قربانیوں اور خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے بھارت کے بیانیے کو بے نقاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا جھوٹا پروپیگنڈا عالمی سطح پر ناکام ہو چکا ہے اور دنیا اب سچ سے آگاہ ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق پہلگام واقعہ ایک فالس فلیگ آپریشن تھا جو خطے کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش تھی۔

اسپیکر نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، تاہم کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کرنا کبھی نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر آ کر کشمیریوں کو ان کا حق دینا ہوگا۔

بھارت کی آبی پالیسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی غیر قانونی اور قابلِ مذمت ہے، جبکہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے بھارتی توسیع پسندی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ رویہ خطے اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ قوم اپنے شہدا پر فخر کرتی ہے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp