پاکستان ریلویز کا عوام کے لیے عید تحفہ، اپ گریڈڈ عوام ایکسپریس پشاور سے روانہ

پیر 25 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور میں پاکستان ریلویز کی جانب سے اپ گریڈڈ عوام ایکسپریس کا افتتاح ایک سادہ مگر باوقار تقریب کے دوران پشاور ریلوے اسٹیشن پر کر دیا گیا۔

افتتاحی تقریب سیکریٹری ریلویزسید مظہرعلی شاہ نے وفاقی وزیر برائے ریلویز محمد حنیف عباسی کی خصوصی ہدایات پر انجام دی، جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔

تقریب کے دوران سیکرٹری ریلویز اور شاہد آفریدی نے اپ گریڈڈ ٹرین میں فراہم کی گئی جدید سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

عوام ایکسپریس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اس میں آن بورڈ وائی فائی، آرام دہ نشستیں، بہتر سفری ماحول اور دیگر معیاری سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو محفوظ، پرسکون

اور خوشگوار سفر میسر آ سکے۔

اس موقع پر شاہد آفریدی نے پشاور ریلوے اسٹیشن پر جدید ٹھنڈے پانی کے فلٹریشن پلانٹ کا بھی افتتاح کیا، جس سے روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو صاف اور ٹھنڈے پانی کی بہتر سہولت دستیاب ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری ریلویز نے کہا کہ اپ گریڈڈ عوام ایکسپریس پشاور کے عوام کے لیے پاکستان ریلویز کی جانب سے عید کا تحفہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر افتتاحی تقریب کو سادگی کے ساتھ مختصر رکھا گیا۔

سیکرٹری ریلویز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ریلویز ملک بھر میں مسافروں کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی اصلاحاتی اور ترقیاتی کوششیں جاری رکھے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp