لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف روڈولف ہائیکل نے منگل کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق معزز مہمان کی جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند تینوں مسلح افواج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
مزید پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، اہم شخصیات سے ملاقاتیں متوقع
ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور دوطرفہ عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔
گفتگو میں پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
General Rodolphe Haykal, Commander-in-Chief of the Lebanese Armed Forces, called on Field Marshal Syed Asim Munir, NI (M), HJ, COAS & CDF, at General Headquarters (GHQ), Rawalpindi today.@HussainAhmedCh8 @AmirSaeedAbbasi pic.twitter.com/fnijXN1jqI
— Media Talk (@mediatalk922) June 9, 2026
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
لبنانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہائیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام اور عالمی امن مشنز میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں:جنگ کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایران میں دبنگ انٹری
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان عسکری تعاون اور پیشہ ورانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔














