پاکستان ڈیزل اور پیٹرول کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے 80 فیصد سے زائد خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کو درآمد کرتا ہے اور اپنی اسی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے چند ہفتے قبل روس کو دیا گیا خام تیل کی درآمد کا پہلا آرڈر اتوار 11 جون کو پاکستان پہنچ چکا ہے۔
پہلی روسی تیل کی کھیپ پہنچتے ہی میڈیا سمیت کئی حلقوں میں یہ خبر گردش کرنے لگی ہے کہ وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے کہا جا رہا ہے اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 سے 40 روپے تک کی کمی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
دوسری جانب وزارتِ پیٹرولیم نے خبر کی تردید کرتے ہوئے ’وی نیوز‘ کو بتایا کہ ابھی تک قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی جا سکتی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے گردش کرتی ہوئی تمام خبریں بے بنیاد ہیں اور وزارت کی جانب سے اس قسم کا کوئی بھی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ جب روس سے تسلسل کے ساتھ تیل آنا شروع ہوجائے گا جو ایک تہائی خام تیل ہے تو قیمتوں میں واضح فرق آئے گا اور اس کا اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا۔
مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ہدف ہے کہ ایک تہائی خام تیل رعایتی قیمت پر روس سے آئے اور جب ہم اپنا ہدف حاصل کرلیں گے تو تیل رعایتی قیمت پر میسر ہوجائے گا، مگر حتمی قیمت اس وقت نہیں بتائی جاسکتی، تاہم یہ ضرور کہا جاسکتا ہے کہ قیمتوں میں واضح فرق آئے گا اور عوام کو ریلیف ملے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے روس سے منگوائے گئے خام تیل کا پہلا جہاز کراچی کی بندرگاہ پر پہنچ گیا ہے جہاں سے اس کی ترسیل بھی شروع کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں سستی گیس لے کر مہنگی بجلی گرڈ کو فروخت کرنے والوں کی عیاشیاں ختم ، حکومت کا اہم اعلان
یہ بھی یاد رہے کہ جب روس سے جہاز خام تیل لے کر نکلا تھا تو اس وقت بھی یہ خبریں گردش کرنا شروع ہوگئی تھیں کہ بہت جلد پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں نیچے آجائیں گی اور اس وقت بھی ’وی نیوز‘ نے حقائق تک پہنچنے کی کوشش تھی۔
بدھ 24 مئی کو وی نیوز نے وزارتِ پیٹرولیم کے ذرائع سے کنفرم کیا تو یہ بتایا گیا تھا کہ حکومت نے روس سے فی الحال ایک ہی خام تیل کا جہاز منگوایا ہے جو بطور سیمپل ہے۔ اس خام تیل پر 10 ڈالر فی بیرل ٹرانسپورٹیشن خرچ آئے گا جبکہ 8 ڈالر ریفائن کرنے پر خرچ ہوں گے۔
وزارتِ پیٹرولیم نے بتایا تھا کہ اس تیل کی ریفائننگ کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ درآمد روسی تیل کو قابلِ استعمال بنانے پر کیا لاگت آئے گی؟
ذرائع وزارتِ پیٹرولیم نے کہا تھا کہ یہ بات واضح ہے کہ روس سے خام تیل لے کر آنے والے اس پہلے جہاز سے ملک میں پیٹرول کی قیمت پر فرق نہیں پڑے گا۔