آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے ایڈہاک اور عارضی ملازمین کی مستقلی کا تاریخی ایکٹ پاس ہونے پر ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جس پر انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت میں آتے ہی عام آدمی کی بات سنی، ایک اسکیل کے ملازمین کو مستقل کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر
اسمبلی اجلاس کے اختتام پر جب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور ایوان سے باہر آئے تو وہاں موجود سینکڑوں عارضی و ایڈہاک ملازمین نے ان کا شاندار اور پرجوش استقبال کیا۔ ملازمین نے وزیراعظم کو ہار پہنائے، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پورا اسمبلی سیکریٹریٹ فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں لگنے والے نعروں سے گونج اٹھا۔
اس موقع پر سینیئر وزرائے حکومت میاں عبد الوحید، جاوید ایوب، چوہدری قاسم مجید، جاوید بڈھانوی، اور ترجمان حکومت شوکت جاوید میر سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
اس تاریخی موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن سمیت مختلف ملازمین تنظیموں کے عہدیداران نے عارضی ملازمین کی مستقلی پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم فیصل راٹھور نے ایڈہاک ملازمین کا دیرینہ مطالبہ پورا کر کے ایک عظیم مثال قائم کی ہے، کیونکہ پیپلز پارٹی نے کبھی لوگوں سے روزگار نہیں چھینا بلکہ وہ ہمیشہ روزگار کی فراہمی کا ذریعہ بنی ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے والد کے نقشِ قدم پر چل کر ملازم دوست پالیسی اپنائی ہے، جس پر وزیراعظم اور ان کی پوری کابینہ مبارکباد کی مستحق ہے۔
یہ ممکن ہی نہیں کہ پیپلز پارٹی کسی کا رزق چھینے، فیصل راٹھور
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کی ذات کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے انہیں یہ توفیق دی کہ آج مرحوم ممتاز راٹھور کی برسی کے موقع پر انہوں نے ملازمین سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ عارضی ملازمین موجودہ حکومت نے بھرتی نہیں کیے تھے، لیکن اس کے باوجود انہوں نے کسی بھی تفریق کے بغیر سب کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیر کی آزادی کے لیے ناگزیر ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کوئی ہمیں ووٹ دیتا ہے یا نہیں، کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ‘روٹی، کپڑا اور مکان’ ہے اور یہ ممکن ہی نہیں کہ پیپلز پارٹی کسی کا رزق چھینے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم ممتاز حسین راٹھور کے عوامی دور اور ملازم دوست پالیسی کی یادیں آج 36 سال گزرنے کے بعد بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔














