ایرانی صدر مسعود پزشکیان آج پاکستان پہنچیں گے، پاک ایران تعلقات اور امریکا سے مفاہمت پر بات ہوگی

منگل 23 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کے صدر مسعود پزشکیان آج پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر این اے کے مطابق یہ دورہ سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد ہو رہا ہے، جن میں پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کیا تھا۔

ایرانی صدر کے دفتر کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ حبیب اللہ عباسی کے مطابق صدر پزشکیان اپنے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کے کردار پر شکریہ ادا کریں گے۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا ٹیلیفونک رابطہ، امن معاہدے پر مبارکباد

دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی ایرانی صدر کے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسعود پزشکیان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا، جس میں وزرا اور دیگر سینیئر حکام شامل ہوں گے۔

دورے کے دوران ایرانی صدر صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق صدر پزشکیان اپنے منصب سنبھالنے کے بعد دوسری مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر دونوں ممالک تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی، عوامی روابط اور علاقائی رابطہ کاری سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیں گے اور تعاون کے نئے مواقع پر بھی غور کریں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ) کے بعد ہونے والی سفارتی پیشرفت، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ادھر سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے پہلے دور کے مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان اور قطر کی ثالثی میں جاری مذاکرات کے بعد دونوں ممالک نے 60 روز کے اندر حتمی معاہدے کے لیے روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق فریقین نے لبنان میں جنگ بندی کے لیے ایک طریقہ کار پر بھی اتفاق کیا جبکہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے براہ راست رابطے کا نظام قائم کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مذاکرات کے بعد بتایا کہ ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے معائنہ کاروں کو دوبارہ ملک میں آنے کی اجازت دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جسے انہوں نے ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کے پہلے دور کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی اور حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔ ان کے مطابق 60 دن کے اندر حتمی معاہدے کے لیے روڈ میپ، اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام اور تکنیکی سطح کے مزید مذاکرات پر اتفاق کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:پرامن مظاہرین کیخلاف کارروائی نہ کریں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی سیکیورٹی فورسز کو ہدایت

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کے فروغ میں اپنا مخلصانہ کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے قطر اور سوئٹزرلینڈ کا بھی مذاکرات کے انعقاد اور سہولتکاری پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف مذاکراتی عمل میں شرکت کے بعد سوئٹزرلینڈ کا دورہ مکمل کرکے پاکستان پہنچ گئے ہیں، زیورخ ایئرپورٹ پر سوئس حکام اور سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر مرغوب سلیم بٹ نے انہیں الوداع کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp