وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان نے 05 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لیں، ترجمان کے مطابق قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اندرون و بیرون ملک پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 5 فروری کو پورے ملک میں صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی،شاہراہ دستور اسلام آباد پر کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے ریلی نکالی جائے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف مظفرآباد جائیں گے اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے،صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی پیغامات نشر کیے جائیں گے۔
قمر زمان کائرہ کے مطابق بیرون ملک قائم پاکستانی مشنز خصوصی ریلیز، سیمینارز اور تصویری نمائشوں کا انعقاد کررہے ہیں، اسلام آباد PNCA اور لوک ورثہ میں تین روزہ تقاریب جاری ہیں جن میں کشمیری ثقافت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
پرنٹ والیکٹرونک میڈیا کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا، اس دن کے حوالے سے ڈاکیومینٹرز، تصاویر کوبھرپور طریقے سے تشہیرکی جائے گی، وزارت اطلاعات و نشریا ت پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے ذریعے مختلف پروگرا مز نشر کرے گا۔
سول ایویشن،پاکستان ریلوے،میٹرو بس اور این ایچ اے ہوائی اڈوں،ریلوے اسٹیشنز،میٹرو بس اسٹیشنز اور ٹول پلازوں پر یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے بینرز آویزاں کر رہے ہیں، قمر زمان کائرہ نے مزید کہا سی ڈی اے نے اسلام آباد کی تمام اہم شاہراؤں پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بینرز آویزاں کئے ہیں ۔
موبائل کمپنیاں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی پیغامات نشر کریں گے، اس کے علاوہ تمام شہروں کے بڑے پلازوں،شاپنگ مالز اور مارکیٹوں میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سےstreamersاور بینرز لگانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔
تمام صوبائی حکومتوں اور گلگت بلتستان نے اس دن کے حوالے سے خصوصی تقاریب،سیمینارز، تصاویری نمائش، ریلیز،تقریری مقابلوں،جلسے جلوس، سکول وکالجزمیں مضمون نویسی جیسی سرگرمیوں کا انتظام کر رکھا ہے، تمام صوبوں کے گورنرز، وزراء اعلیٰ و دیگر سینئر وزراء شرکت کریں گے ۔
تمام صوبوں کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز میں بھی یوم یکجتی کشمیر کے حوالے سے تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں، آزادکشمیر حکومت نے بھی یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے بھرپور انتظامات کر رکھے ہیں،اس موقع پرLOCکی دوسری جانب یکجہتی سے بھرپور پیغام پہنچاجارہا ہے۔
مظفر آباد اور آزادکشمیر کے دیگر ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز میں خصوصی ریلیز،سیمینارز،تصویری نمائشوں مضمون نویسی اور تقاریری مقابلے کا انعقاد کیا جارہا ہے، کوہالہ پل سمیت آزادکشمیر سے ملنے والے تمام راستوں پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں دیگر صوبوں کے وزراء بھی شرکت کریں گے،
پاکستان سپورٹس بورڈ نے سپورٹس کیمپلس میں اس دن کی مناسبت سے ایک فٹ بال میچ اور ہاکی میچ کا بھی انتظام کر رکھاہے ۔