پاکستانی روپے کی قدر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں معمولی اضافہ ہوا ہے، انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 3 پیسے اضافے کے ساتھ 277 روپے 97 پیسے فی ڈالر پر بند ہوا۔
بدھ کے روز انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر 278 روپے پر بند ہوا تھا، جس کے مقابلے میں جمعرات کو روپے کی قدر میں 0.01 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی روپیہ، سعودی ریال اور امریکی ڈالر سمیت اہم کرنسی ریٹ
دوسری جانب عالمی مالیاتی منڈیوں میں امریکی افراطِ زر کے کمزور اعداد و شمار کے بعد یہ توقعات مضبوط ہوئی ہیں کہ امریکی مرکزی بینک شرحِ سود میں اضافے کے حوالے سے محتاط رویہ برقرار رکھ سکتا ہے، جس کے باعث امریکی ڈالر دباؤ کا شکار رہا۔
جاپانی ین کے مقابلے میں امریکی ڈالر مسلسل تیسرے روز 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 162.075 ین پر آگیا، جبکہ یورو 0.1 فیصد اضافے کے بعد ایک ماہ کی بلند ترین سطح 1.1472 ڈالر تک پہنچ گیا۔
ادھر 6 بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی کارکردگی جانچنے والا ڈالر اشاریہ 100.47 پر تقریباً مستحکم رہا، تاہم یہ گزشتہ ایک ماہ کی کم ترین سطح کے قریب موجود ہے۔ اشاریہ گزشتہ 2 تجارتی سیشنز کے دوران 0.8 فیصد گرچکا ہے اور ہفتہ وار بنیاد پر بھی کمی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری
دریں اثنا عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی۔ سرمایہ کاروں نے منافع سمیٹنے کے ساتھ ساتھ ایران میں امریکی حملوں اور آبنائے ہرمز میں تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کا بھی جائزہ لیا۔
برطانوی خام تیل 24 سینٹ کمی کے بعد 84 ڈالر 95 سینٹ فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 15 سینٹ کمی کے بعد 79 ڈالر 45 سینٹ فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا، اگرچہ دونوں معاہدے اب بھی ایک ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب ہیں۔














