محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 29 جولائی سے ملک میں مون سون بارشوں کا ایک طاقتور سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک دیکھنے میں آسکتی ہے، جبکہ اربن فلڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون کی تباہ کاریاں جاری، ملک بھر میں اموات 100 سے تجاوز، مزید بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران بعض علاقوں میں شدید بارش شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور نشیبی مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا کرسکتی ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ 29 جولائی سے شروع ہونے والا مون سون کا نیا اور طاقتور سلسلہ اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے، جہاں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشوں کا زور برقرار، مختلف علاقوں میں سیلاب اور رابطے منقطع
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب اور دریائے راوی میں پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادارے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نورپور تھل میں 115 ملی میٹر، گوجرانوالہ میں 107 ملی میٹر اور گجرات میں 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔














