آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے دوران شدید بارش، خراب موسم، لینڈ سلائیڈنگ اور رابطہ سڑکوں کی بندش کے باعث مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ ایل اے-27 اور ایل اے-28 مظفرآباد 2 (لچھراٹ) کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں اب پولنگ 4 اگست 2026 کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے-28 میں خراب موسم اور راستوں کی بندش کے باعث الیکشن عملہ اور پولنگ مٹیریل متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں تک نہ پہنچ سکا، جس کے باعث مقررہ شیڈول کے مطابق پولنگ ممکن نہ رہی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ، پیپلز پارٹی کے دھاندلی کے الزامات یا قبل از وقت بیانیہ؟
ریٹرننگ آفیسر کی رپورٹ کی بنیاد پر کمیشن نے پولنگ اسٹیشن نمبر 55 تا 67، 107 تا 118، 119 تا 130 اور 159 تا 173 پر پولنگ ملتوی کر دی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نوسیری، نوسدہ، پنجگراں، دیولیاں اور پنجکوٹ کے مخصوص پولنگ اسٹیشنوں پر آج پولنگ نہیں ہوگی، جبکہ ملتوی شدہ پولنگ اسٹیشنوں کے سیل شدہ پولنگ بیگز بھی ریٹرننگ آفیسر نے پریزائیڈنگ افسران سے واپس وصول کر لیے ہیں۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر غلام مصطفیٰ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ ایل اے-27 میں بھی شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ، درخت گرنے اور رابطہ سڑکوں کی بندش کے باعث پولنگ عملہ اور انتخابی سامان بروقت پولنگ اسٹیشنوں تک نہیں پہنچ سکا، جس کے باعث اس حلقے میں بھی پولنگ ملتوی کرنا پڑی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ تمام انتظامی تیاریوں کی تکمیل کے بعد ایل اے-27 میں بھی پولنگ 4 اگست 2026 کو کرائی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ موسم سے متاثرہ ان 2 حلقوں کے علاوہ آزاد کشمیر کے دیگر تمام حلقوں میں پولنگ پرامن ماحول میں جاری ہے۔
انہوں نے ووٹروں پر زور دیا کہ وہ بلاخوف و خطر گھروں سے نکلیں اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں، کیونکہ جمہوری تبدیلی کا واحد آئینی اور جمہوری راستہ ووٹ ہے۔
مزید پڑھیں: شدید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ؛ مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 27 میں پولنگ ملتوی، نئی تاریخ آج جاری ہوگی
انہوں نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا نام لیے بغیر کہا کہ تشدد، انتشار اور غیر جمہوری ذرائع کسی مثبت تبدیلی کا ذریعہ نہیں بن سکتے، جبکہ ووٹ ہی عوام کی رائے کے اظہار اور جمہوری تبدیلی کا مؤثر ذریعہ ہے۔
ایک سوال کے جواب میں غلام مصطفیٰ نے بتایا کہ مہاجرین کی بعض نشستوں سے شکایات موصول ہوئیں، جن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے اعتراضات بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تمام شکایات کا بروقت جائزہ لیا، متعلقہ فریقین کو جواب دیا اور ہر شکایت پر فوری کارروائی کی تاکہ انتخابی عمل کی شفافیت برقرار رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کر رہا ہے تاکہ ہر ووٹر بلا رکاوٹ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکے۔













