مکمل سورج گرہن آج 12 اگست 2026 کو یورپ کے بعض علاقوں میں دکھائی دے گا، جو 1999 کے بعد پہلی مرتبہ مغربی یورپ کی سرزمین سے مکمل سورج گرہن ہوگا۔
رائٹرز کے مطابق چاند کا سایہ شمالی سائبیریا، بحرِ منجمد شمالی اور مشرقی گرین لینڈ سے گزرتا ہوا مغربی آئس لینڈ پہنچے گا، جہاں سے شمالی اسپین کو عبور کرتے ہوئے شمال مشرقی پرتگال کے ایک حصے کو چھوئے گا اور اسپین کے بحیرۂ روم کے ساحل اور بالیئرک جزائر کے قریب غروبِ آفتاب کے وقت ختم ہوجائے گا۔
مزید پڑھیں:اگلے ماہ سورج گرہن، 2 سال بعد آسمان پر نایاب نظارہ
مکمل سورج گرہن کا سب سے بڑا مرحلہ شمالی بحرِ اوقیانوس میں آئس لینڈ کے مغرب میں ہوگا۔ آئس لینڈ کے دارالحکومت ریکیاوک میں مقامی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 48 منٹ پر مکمل سورج گرہن دیکھا جاسکے گا، جبکہ شمالی اسپین کے شہروں لا کورونا اور بلباؤ میں غروبِ آفتاب سے کچھ دیر قبل مکمل گرہن شروع ہوگا۔
میڈرڈ اور بارسلونا سمیت یورپ کے بیشتر علاقوں میں مکمل کے بجائے جزوی سورج گرہن دکھائی دے گا۔ برطانیہ، آئرلینڈ، فرانس اور اٹلی میں بھی سورج کا بڑا حصہ چاند کے پیچھے چھپ جائے گا، جبکہ شمال مغربی افریقہ میں بھی گہرا جزوی گرہن دیکھا جاسکے گا۔

شمالی امریکا میں کینیڈا کے شمالی اور مشرقی حصوں، الاسکا اور امریکا کی شمالی ریاستوں کے بعض علاقوں میں بھی جزوی سورج گرہن نظر آئے گا۔ ماہرین نے واضح کیا ہے کہ سورج گرہن کے دوران براہِ راست سورج دیکھنا خطرناک ہے، اس لیے خصوصی شمسی چشموں کا استعمال ضروری ہے۔
مکمل سورج گرہن کیا ہوتا ہے؟
مکمل سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین کے نسبتاً قریب ہوتا ہے اور آسمان پر اس کا ظاہری حجم اتنا بڑا ہوجاتا ہے کہ وہ سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ لیتا ہے۔ اس دوران دن کے وقت عارضی تاریکی چھا جاتی ہے، درجہ حرارت کم ہوسکتا ہے اور بعض اوقات ستارے بھی دکھائی دینے لگتے ہیں۔
اس کے برعکس حلقوی سورج گرہن میں چاند زمین سے زیادہ فاصلے پر ہوتا ہے اور سورج کو مکمل طور پر نہیں ڈھانپ پاتا، جس کے باعث سورج کے گرد روشنی کا ایک روشن حلقہ، جسے’آگ کا دائرہ‘ کہا جاتا ہے، نظر آتا ہے۔

اگلا مکمل سورج گرہن کب ہوگا؟
دنیا میں آئندہ مکمل سورج گرہن 2028 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ، 2030 میں جنوبی افریقہ اور 2035 میں جاپان کے مختلف علاقوں میں دیکھا جاسکے گا۔
مزید پڑھیں:رواں سال کا مکمل سورج گرہن کب اور دنیا کے کن حصوں میں دیکھا جاسکے گا؟
شمالی امریکا میں مکمل سورج گرہن 2044 میں دوبارہ ہوگا، جب چاند کا سایہ مغربی کینیڈا اور امریکا کے مغربی حصوں سے گزرے گا، جبکہ 2045 میں کینیڈا اور امریکا میں ساحل سے ساحل تک مکمل سورج گرہن ہوگا۔
اسپین کے لیے 12 اگست 2026 کا گرہن 3 مسلسل شمسی گرہنوں کے سلسلے کا پہلا ہے۔ اس کے بعد 2 اگست 2027 کو ایک اور مکمل سورج گرہن ہوگا، جس کا راستہ جنوبی اسپین کے علاوہ مراکش، الجزائر، تیونس، لیبیا، مصر، سعودی عرب اور یمن سے گزرے گا۔ 26 جنوری 2028 کو حلقوی سورج گرہن بھی اسپین سے دکھائی دے گا۔













