وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام مسلم لیگ (ن) کو پھر خدمت کا موقع دیں گے، ترقی کا عمل وہی سے شروع کریں گے جہاں پچھلے ایک سال میں شروع کیا تھا. ’اگر 1999ء میں جب عوام نے مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت دی تو اس کے بعد اگر 12 اکتوبر کا سانحہ نہ ہوتا تو آج پاکستان ترقی یافتہ ملک بن ‘چکا ہوتا۔
اسلام آباد میں مارگلہ ایونیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مارگلہ ایونیو اسلام آباد کے نئے سیکٹرز کو موٹروے سے منسلک کرے گی، جس سے شہریوں کو سفری سہولت میسر آئیں گی۔ اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 20 ارب کی خطیر رقم سے دیہی علاقوں کی ترقی و فلاح و بہبود کے اس منصوبے کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی لگن ہے کہ وہ اقتدار میں آنے کے پہلے مہینے میں ہی پشاور روڑ اسلام آباد پر میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کر رہے تھے جو کئی سالوں سے بند پڑا تھا۔ یہ وزیر اعظم کا عوام سے محبت کا اظہار اور مسلم لیگ ن کا بھی خاصہ ہے کہ جب بھی عوام نے مسلم لیگ ن کو موقع دیا تو اس نے ترقیاتی منصوبوں کو فوقیت دی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی منصوبوں کو نکال دیا جائے تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ 75 سالوں میں باقی حکومتوں نے کون سے ترقیاتی منصوبے شروع کیے؟ یہ مسلم لیگ (ن) کا امتیاز ہے کہ اس نے ہمشیہ خدمت کی سیاست کی ہے۔
’ 1997ء میں جب عوام نے مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت دی تو اس کے بعد اگر 12 اکتوبر کا سانحہ نہ ہوتا تو شاید آج پاکستان ترقی یافتہ ملکوں کی فہرست میں شامل ہوتا اور پاکستان اتنا ترقی کر چکا ہوتا کہ ہمارے لوگ اس طرح کشتیوں میں سوار ہو کر بہتر مستقبل کی فکر میں شہید نہ ہوتے جس پر آج پورا ملک سوگوار ہے۔‘
’1997ء میں پاکستان اپنی منزل کی جانب بڑھ رہا تھا اور قاعداعظم کا خواب پورا ہوا چاہتا تھا، اس وقت پوری دنیا کے اخبارات یہ کہہ رہے ہوتے تھے کہ پاکستان ایٹمی قوت بن چکا ہے اب ایشیئن ٹائیگر بننے جا رہا ہے۔ پاکستان میں ہر طرف ترقی و خوشحالی تھی، کسی نے اس وقت لوڈ شیڈنگ کا نام بھی نہیں سنا تھا، نہ ہی کسی کو یہ معلوم تھا کہ خود کش حملے کیا ہوتے ہیں۔ بدقسمتی سے اس کو راستے میں روکا گیا۔‘
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سازش کی گئی جس سے ترقی کا عمل رک گیا۔ ’پہلے لوگ کہتے تھے کہ دہشتگرد سوات آ گئے ہیں بس اب اسلام آباد پہنچنا باقی ہے، اس کے بعد عوام نے دوبارہ میاں نواز شریف کو موقع دیا تو چار سالوں میں نہ صرف پاکستان سے لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی بلکہ دہشتگردی بھی ختم ہوئی۔‘
’ایک بار پھر عدالت کے ذریعے میاں نواز شریف کو ہٹایا گیا جس کے بعد پھر ملکی ترقی کا پہیہ رک گیا، اب وزیر اعظم شہباز شریف نے دوبارہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام پھر مسلم لیگ (ن) کو موقع دیں گے، مسلم لیگ ن دوبارہ اقتدار میں آ کر ترقی کا یہ عمل جو پچھلے ایک سال سے شروع ہوا ہے اس کو وہی سے دوبارہ شروع کرے گی۔