اسلام آباد میں چند منٹ میں 150 ملی میٹر بارش، ای الیون میں نالہ اوور فلو، سڑکیں زیر آب

منگل 1 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث ای الیون سمیت مختلف علاقوں میں صورتحال متاثر ہوئی ہے، جہاں چند ہی منٹ میں 150 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہونے کے بعد نالہ اوور فلو ہوگیا اور پانی سڑک پر آگیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ای الیون میں نالے کا پانی سڑک پر آنے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پہلے سے سیل کی گئی چند بیسمنٹس میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

مزید پڑھیں:

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر نگرانی متاثرہ علاقوں میں ڈی واٹرنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے اور پانی کی نکاسی کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔

دوسری جانب ڈی 12/2 میں حفاظتی دیوار گرنے کے بعد امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں:

شدید بارش کے باعث ایکسپریس ہائی وے سمیت اسلام آباد کی متعدد شاہراہوں پر پانی کے بہاؤ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی سست روی کا شکار ہے۔ ٹریفک پولیس اہلکار موقع پر موجود ہیں اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور نشیبی علاقوں، برساتی نالوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp