عالمی شہرت یافتہ مصری قرا کرام پاکستان پہنچ گئے، وزیر مذہبی امور کی جانب سے پرتپاک استقبال

بدھ 2 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے عالمی شہرت یافتہ مصری قرا کرام کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

مصر سے پاکستان تشریف لانے والے قرا کرام میں قاری ایوب عاصف، قاری طہٰ نعمانی، قاری ابراہیم عاصف، قاری ماہر الشناوی اور قاری اسماعیل عاصف شامل ہیں۔

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے معزز مہمانوں کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم قرآن کریم، اس کے قراء اور خدامِ قرآن سے گہری محبت اور عقیدت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اپنے معزز مہمانوں کو ان کے دوسرے گھر پاکستان میں دلی خوش آمدید کہتے ہیں۔ مصر سے عالمی شہرت یافتہ قرا کرام کی پاکستان آمد اہل پاکستان کے لیے باعثِ مسرت اور اعزاز ہے۔

سردار محمد یوسف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے دورۂ پاکستان کو بابرکت بنائے، اہلِ پاکستان کو ان کی خوبصورت اور روح پرور تلاوتوں سے مستفید فرمائے اور اس عظیم اجتماع کو قرآن کریم کے پیغام، محبت اور اسلامی اخوت کے فروغ کا ذریعہ بنائے۔

اس سے قبل وزیر مذہبی امور اور دیگر حاضرین نے وزارتِ مذہبی امور کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران مصری قراء کرام سے ان کی دلنشیں آوازوں میں تلاوتِ قرآن کریم سننے کا شرف بھی حاصل کیا۔

واضح رہے کہ تمام مصری قرا کرام 5 ستمبر 2026 کو بعد نمازِ عصر فیصل مسجد اسلام آباد میں منعقد ہونے والی عظیم الشان عوامی محفلِ حسنِ قرأت میں شرکت کریں گے۔

قرآن کریم کی روح پرور تلاوت پر مشتمل یہ خصوصی پروگرام عامۃ الناس کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں شہریوں کو عالمی شہرت یافتہ مصری قراء کرام کی تلاوتِ قرآن کریم سننے کا موقع ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp