وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں مثالی گاؤں پراجیکٹ سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے ساڑھے تین ہزار سے زیادہ دیہات میں سیوریج، ڈرینج اور پکی گلیوں کے پراجیکٹ تیزی سے جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مثالی گاؤں پراجیکٹ کے لیے کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن متعارف کرا دی۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر، کمیونٹی ہیلتھ موبلائزر، سیکرٹری یونین کونسل، ہیڈ ماسٹر اور دیگر متعلقین کو دیہی پراجیکٹ میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر ارکان اسمبلی کو رورل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے دیہات میں ڈرینج اور سیوریج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دیا اور گاؤں کی گلیاں پکی اور خوبصورت بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ عوام کو ٹوٹی پھوٹی گلیوں اور گندے پانی کی مشکلات سے دوچار نہیں دیکھ سکتی۔
انہوں نے کہاکہ ہر گاؤں اور دیہات میں ڈرینج، سیوریج اور پکی گلیوں کی سہولت حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ دیہات کے لوگوں کا بھی وسائل پر پورا حق ہے۔
مریم نواز شریف نے کہاکہ مثالی گاؤں پراجیکٹ میرے دل کے بہت قریب ہے، ہر گاؤں کی حالت بدلنا چاہتی ہوں۔













