لہور لہور اے: لاہور شنگھائی تعاون تنظیم کا ثقافتی و سیاحتی دارالحکومت نامزد

بدھ 2 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے اہم ثقافتی و تاریخی مرکز لاہور کو شنگھائی تعاون تنظیم  کا سیاحتی اور ثقافتی دارالحکومت برائے 2026-27 نامزد کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں 2027 کے ایس سی او اجلاس کی تیاریاں، اسحاق ڈار کی بروقت انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

اس فیصلے کا باضابطہ اعلان کرغزستان کے دارالحکومت بیشکیک میں منعقدہ ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے 26 ویں اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔

اس عالمی اعزاز سے بین الاقوامی سطح پر لاہور کی تاریخی اہمیت اور سیاحت کو ایک نیا فروغ ملے گا۔

فیصلے کے اہم نکات اور بین الاقوامی پس منظر

اس سال پاکستان ایس سی او کی صدارت سنبھال رہا ہے جس کا تھیم وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق ’وژن کو عمل میں بدلنا: ربط، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘ ہے۔

مزید پڑھیے: لاہور پھر رنگوں سے جگمگائے گا، مریم نواز نے بسنت  2027 کا اعلان کردیا

لاہور اس فہرست میں بھارت کے شہر وارانسی (2022-23)، قازقستان کے الماتی (2023-24)، چین کے چنگداؤ (2024-25) اور کرغزستان کے چولپون عطا (2025-26) کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والا نیا شہر بن گیا ہے۔

اس نامزدگی کا بنیادی مقصد رکن ممالک کے درمیان سیاحت کو فروغ دینا اور عوامی و ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔

لاہور جہاں تاریخ اور ثقافت ایک ساتھ سانس لیتے ہیں

لاہور اپنی صدیوں پرانی تاریخ، مغل فن تعمیر، فن و ادب، متحرک بازاروں اور ذائقہ دار کھانوں کی وجہ سے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کا لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ، ترقیاتی کاموں اور تزئین و آرائش کا جائزہ

مغل اور نوآبادیاتی دور کی نشانیاں: شہر میں شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، شالامار باغ، مسجد وزیر خان، اور مینارِ پاکستان جیسے عظیم الشان تاریخی شاہکار موجود ہیں۔ شاہی قلعہ اور شالامار باغ سنہ 1981 سے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ ہیں۔

اندرون لاہور

روایتی بازاروں، حویلیوں، عجائب گھروں اور فوڈ اسٹریٹس پر مشتمل اندرونِ شہر یا والڈ سٹی لاہور کے تاریخی اور ثقافتی دل کی حیثیت رکھتا ہے۔

لاہور میں جہاں مغل، سکھ اور برطانوی دور حکومت کے تاریخی اثرات موجود ہیں، وہیں الحمرا، لاہور میوزیم اور تعلیمی ادارے اس شہر کو جدید دور میں بھی پنجابی ادب، موسیقی، تھیٹر اور فلم کا سب سے بڑا مرکز بناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: نیٹلی بیکر کا دورہ لاہور، پاک امریکا معاشی تعلقات اور مصنوعی ذہانت میں شراکت داری بڑھانے پر زور

اس عالمی اعزاز کے بعد ایس سی او کے تمام رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کے سیاحتی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید تقویت ملے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp