نالہ ڈیک میں اونچے درجے کا سیلاب، تربیلا ڈیم 100 فیصد بھر گیا

جمعرات 3 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن (ایف ایف ڈی) لاہور، محکمہ موسمیات پاکستان اور وزارت دفاع کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق نالہ ڈیک میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور 22 ہزار 545 کیوسک بہاؤ کے ساتھ اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تربیلا ڈیم پانی کی آخری حد 1550 فٹ تک پہنچ گیا ہے اور ڈیم 100 فیصد بھر چکا ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 2 لاکھ 43 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 35 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال اسی تاریخ کو تربیلا ڈیم 99.80 فیصد بھرا ہوا تھا، جبکہ رواں سال 10 اگست کو ہی 100 فیصد کی سطح تک پہنچ گیا تھا۔

منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1220.90 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 1242 فٹ ہے۔ ڈیم 78 فیصد بھر چکا ہے، جہاں پانی کی آمد 25 ہزار اور اخراج 9 ہزار کیوسک ہے۔ گزشتہ سال اسی روز منگلا ڈیم 85 فیصد بھرا ہوا تھا۔

فلڈ رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر 3 لاکھ 51 ہزار 217 کیوسک اور چشمہ بیراج پر 2 لاکھ 83 ہزار 163 کیوسک پانی کی آمد کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تونسہ، گڈو، سکھر اور کوٹری میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت سندھ طاس معاہدے سے متعلق فیصلے کو مسترد نہیں کرسکتا، ترجمان دفتر خارجہ

رپورٹ کے مطابق دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج سمیت ان سے منسلک بیراجوں پر بھی پانی کا بہاؤ فی الحال نارمل سطح پر ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پی ایم ڈی ایچ ایٹ میں 25 ملی میٹر، سیدپور گاؤں میں 19، شمس آباد راولپنڈی میں 18 اور گولڑہ میں 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں بارش کم رہی۔

محکمہ موسمیات اور واپڈا حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp