تجارت میں سہولت کے لیے ٹریڈ سہولت بورڈ قائم، وزیراعظم خود سربراہی کریں گے

جمعرات 3 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تجارت میں سہولیات کی فراہمی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ٹریڈ سہولت بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی، جس کی صدارت وزیراعظم خود کریں گے۔ بورڈ تجارت کی مکمل سپلائی چین میں بہتری اور سرحد پار تجارت سے متعلق نان ٹیرف امور کے حل کے لیے اقدامات کرے گا۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت تجارت میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریڈ سہولت بورڈ تجارت کے فروغ کے لیے روڈ میپ اور ٹریڈ سہولت انڈیکس بھی مرتب کرے گا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے بندرگاہوں کی استعدادِ کار بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دینے کا حکم دیا۔ یہ گروپس بندرگاہوں کی کارکردگی، متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور ریگولیٹری فریم ورک کا جائزہ لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:دانش یونیورسٹی میں کم آمدن والے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم دی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف

شہباز شریف نے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کے لیے بندرگاہوں پر سہولیات مزید آسان بنانے اور مال کی ترسیل، کلیئرنس سمیت دیگر امور کو سہل بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تجارت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی شمولیت بڑھانے پر بھی زور دیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جاری اصلاحات کے نتیجے میں پورٹ چارجز میں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد بندرگاہوں کے استعمال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ جہازوں کی آمد سے قبل گڈز ڈیکلریشن جمع کرانے کی سہولت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بندرگاہوں سے متعلق محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت میں سہولیات کی فراہمی سے برآمدات میں اضافے کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp