پنجاب کو ہمسایہ ملک سے زیادہ پڑوسی صوبوں سے دہشتگردی کا خطرہ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز

ہفتہ 5 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ پنجاب کو بعض اوقات ہمسایہ ملک سے زیادہ پڑوسی صوبوں سے دہشتگردی کا خطرہ درپیش ہے، تاہم مشکل سیکیورٹی حالات میں پنجاب کے تمام متعلقہ اداروں کا ایک یونٹ بن کر کام کرنا صوبے کی بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل صرف تصور کی سطح پر موجود پنجاب کا اے آئی حب ریکارڈ وقت میں مکمل کرکے آج لانچ کردیا گیا ہے۔

پنجاب اے آئی حب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ چند ماہ پہلے یہ منصوبہ صرف کانسیپٹ اسٹیج پر تھا، لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسے ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا اور آج اس کا پہلا مرحلہ لانچ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے دوسرے اور تیسرے مراحل بھی موجود ہیں، اس لیے یہ پنجاب کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نوجوانوں کے لیے خوشخبری، مریم نواز نے ’الیکٹرک بائیک اسکیم‘ کا اعلان کردیا

وزیراعلیٰ نے منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے جنرل فیاض حسین شاہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجنگ حالات میں جس طرح قیادت، رابطہ کاری اور تعاون کے ذریعے اس منصوبے کو مکمل کیا گیا، وہ قابل تحسین ہے۔

مریم نواز نے پولیس، محکمہ داخلہ، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور وفاقی و صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے ایک یونٹ بن کر کام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں پنجاب کا متحد ہو کر ایک ٹیم کی طرح کام کرنا صوبے کی بڑی طاقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو سیکیورٹی کے حوالے سے کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور افسوس کی بات ہے کہ بعض خطرات ہمسایہ ملک کے بجائے پڑوسی صوبوں کی جانب سے زیادہ ہیں۔ ان علاقوں سے دہشتگردی پنجاب میں داخل ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب الحمدللہ ایک محفوظ صوبہ ہے، تاہم صوبے کو تمام سرحدی سمتوں سے سیکیورٹی خطرات کا سامنا رہتا ہے۔ ایسے حالات میں قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلیجنس اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی انتہائی اہم ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جب بھی کوئی مشکل صورتحال پیدا ہوتی ہے تو پنجاب میں ایک متحد ردعمل سامنے آتا ہے اور حکومت، پولیس، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور دیگر ادارے مل کر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی اتحاد صوبے کو درپیش سیکیورٹی اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب اے آئی حب کی تکمیل کو بھی اسی اجتماعی کوشش کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے مزید مراحل پر بھی کام جاری رہے گا اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں پنجاب کو آگے لے جانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp