مریم نواز کے ناقدین حقائق سے ناواقف ہیں، عظمیٰ بخاری کا سہیل آفریدی کو جواب

ہفتہ 5 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اے آئی انٹیلی جنس ہب کے افتتاح پر بلاجواز تنقید کرنے والے حقائق سے ناواقف ہیں۔ جدید طرز حکمرانی صرف سڑکیں اور عمارتیں بنانے کا نام نہیں بلکہ امن، قانون، ٹیکنالوجی اور عوام کے تحفظ کے لیے جدید نظام قائم کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ایک ٹوئٹ کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہاکہ پنجاب میں اے آئی ہب، پنجاب انٹیلی جنس فیوژن اینڈ ٹیکنالوجی اتھارٹی سینٹر (پی آئی ایف ٹی اے سی)، پولیس ٹیکنالوجی، سی ٹی ڈی کی استعداد کار میں اضافے، باڈی کیمروں، تھرمل اور نائٹ وژن کیمروں، جوائنٹ چیک پوسٹس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط بنانے پر کام جاری ہے۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق مریم نواز کا واضح مؤقف ہے کہ جرم ہونے کے بعد کارروائی کافی نہیں، بلکہ ٹیکنالوجی کے ذریعے خطرات اور جرائم کی پیشگی نشاندہی اور ان کی روک تھام ہی اصل کامیابی ہے، اور یہی حکمرانی اور محض سیاست کے درمیان فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ خارجہ امور اور بیرونی خطرات وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، جبکہ پنجاب حکومت کی ذمہ داری گورننس اور داخلی سیکیورٹی ہے۔ مریم نواز اسی سمت میں سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھانے، سیکیورٹی اداروں کو مضبوط بنانے، عدالتوں کے تحفظ سے متعلق قانون سازی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر کام کر رہی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ صوبائی انٹیلی جنس فیوژن سینٹر کا افتتاح اسی پالیسی کی جانب ایک عملی قدم ہے، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انٹیلی جنس، پولیسنگ اور بروقت ردعمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ دوسری جانب خیبر پختونخوا جیسے دہشتگردی سے متاثرہ صوبوں میں ترجیح پولیس، سی ٹی ڈی اور انسدادِ دہشتگردی کی کوششوں کو دینی چاہیے، نہ کہ وفاقی حکومت کے معاملات میں مداخلت کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی اصل پہچان بیانات نہیں بلکہ کارکردگی ہوتی ہے۔ پنجاب کا راستہ واضح ہے، آئینی ذمہ داریاں پوری کی جائیں، اداروں کو مضبوط بنایا جائے اور عوام کو محفوظ رکھا جائے۔

عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے ناقدین سے سوال کیا کہ اگر اے آئی، جدید پولیسنگ، سی ٹی ڈی، سیکیورٹی ٹیکنالوجی اور جرائم کی روک تھام پر سرمایہ کاری غلط ہے تو اس کا بہتر متبادل کیا ہے؟ کیا صرف تنقید، صرف پریس کانفرنسیں یا صرف احتجاجی سیاست ہی متبادل ہے؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp