اسلام آباد پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ امریکی ڈالر تاوان کی غرض سے اغوا کیے گئے غیر ملکی شہری کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: شراب برآمدگی کیس سے سینکڑوں غیر ملکی شہریوں کی گرفتاری تک، اصل معاملہ کیا ہے
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق مذکورہ غیر ملکی شہری کو آج صبح سیکٹر جی 8 سے اسلحے کے زور پر اغوا کیا گیا تھا جس کے بعد ملزمان نے رہائی کے بدلے ایک لاکھ امریکی ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے فوری نوٹس لیا اور ایس پی سٹی محمد خرم اشرف کی زیرِ نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔ پولیس ٹیموں نے جدید تکنیکی ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس کو بروئے کار لاتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں تھانہ سہالہ کی حدود سے مغوی غیر ملکی شہری کو کامیابی سے بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
اس کارروائی کے دوران غیر ملکی شہری کے اغوا میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
مزید پڑھیے: غیر ملکی شہری کی اسلام آباد میں سرعام خواتین کے ساتھ نامناسب حرکت، ویڈیو وائرل
پولیس کے مطابق ملزمان نے واردات کے دوران اسلحے کے زور پر عملے کے دیگر افراد سے نقدی، قیمتی موبائل فونز اور دیگر اشیا بھی چھین لی تھیں۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی 3 گاڑیاں، چھینی گئی نقدی اور موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کہا کہ شہریوں، بالخصوص غیر ملکی باشندوں کی جان و مال سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اغوا برائے تاوان کی اس سنگین واردات میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق قرارِ واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس میں خواتین کا کردار مردوں سے کم نہیں، آئی جی اسلام آباد کا عالمی یوم خواتین پر پیغام
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔














