بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے گنپتی وسرجن کے دوران کیے گئے ڈانس کا مذاق اڑانے والے انفلوئنسر کو اداکارہ نے ایسا دلچسپ جواب دیا کہ سوشل میڈیا صارفین بھی متوجہ ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ایک انفلوئنسر شلپا شیٹی کے گنپتی وسرجن کے دوران کیے گئے ڈانس اسٹیپس کی مزاحیہ انداز میں نقل کرتا دکھائی دیا، جبکہ ویڈیو پر لکھا تھا،’شلپا شیٹی میری فیڈ پر۔‘
View this post on Instagram
شلپا شیٹی کی نظر سے بھی یہ ویڈیو نہیں بچ سکی اور انہوں نے اس پر ردعمل دینے میں دیر نہیں کی۔ اداکارہ نے مزاحیہ انداز میں لکھا،’اور اب آپ میری فیڈ پر ہیں، ہاہاہا۔‘
شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا نے 15 ستمبر کو گنپتی بپا کو الوداع کہا تھا۔ اس موقع پر اداکارہ اپنے بچوں ویان اور سمیشا کے ہمراہ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتی نظر آئیں، جبکہ انہوں نے کچھ دیر خود بھی ڈھول بجایا۔
View this post on Instagram
پیلی اور گلابی رنگ کی روایتی نوواری ساڑھی اور زیورات میں ملبوس شلپا شیٹی نے گنپتی وسرجن کی تقریبات میں بھرپور شرکت کی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر گنپتی وسرجن کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے کہا کہ ’یہ ہمارے گھر میں گنپتی بپا کی آمد کا 17واں سال ہے۔ ہم عقیدت اور محبت کے ساتھ گھر میں گنپتی بپا کا استقبال کرتے ہیں۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہمارے خاندان نے پلاسٹر آف پیرس کے بجائے مٹی کی مورتی استعمال کی اور اس سال ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے کاغذ سے تیار کردہ بپا کی مورتی اپنائی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یقیناً اس میں زیادہ احتیاط اور محنت درکار ہوتی ہے، لیکن یہ وہ ذمہ داری ہے جو نہ صرف بھگوان بلکہ ماحول کے لیے بھی ہماری ذمہ داری ہے۔‘









