مسلم لیگ نواز ( پی ایم ایل این) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے بلوچستان کی نیشنل پارٹی ( این پی ) کے وفد اور بھکر سے رکن قومی اسمبلی نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر سے جمعہ کو سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور نیشنل پارٹی (این پی ) کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں سابق سینیٹر کبیر احمد، سیکریٹری جنرل نیشنل پارٹی جان بلیدی اور سینیٹرطاہر بزنجو، سینیٹر اکرم، ایوب ملک اور نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر اسلم بلوچ بھی وفد میں شامل تھے۔ بھکر کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ نے بھی مریم نواز سے علیحدہ ملاقات کی۔
مریم نواز شریف نے نیشل پارٹی (این پی ) کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت بلوچستان اور اس کے عوام کو نہایت اہمیت دیتی ہے۔ نوازشریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی کی بنیاد ہے۔ سی پیک، گوادر پورٹ، مغربی روٹ سمیت دیگر منصوبے بلوچستان کی ترقی کا ذریعہ بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام بلوچستان کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کرے گا۔ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو تعلیم، زراعت، صنعت، آئی ٹی کے شعبوں میں نیا کاروبار اور روزگار ملے گا۔کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مریم نواشریف کی سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ نوازشریف نے سیاسی اکاموڈیشن کی ہمیشہ فراخ دلانہ مثال قائم کی ہے۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) اور نیشنل پارٹی میں سیاسی تعاون بڑھانے پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں مریم نواز سےبھکر کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ نے مسلم لیگ ن کے ترقی کے وژن کو خراج تحسین پیش کیا۔