بلوچستان ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا الیکشن کو روکنے کا حکم دے دیا۔
پی سی بی کمیٹی کے ممبر گل محمد کاکڑ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست عدالت نے منظور کر لی۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 17 جولائی کو سماعت کرے گا۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت، ذکا اشرف سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات روکنے کی درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال
قبل ازیں پیر کو ہی لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات روکنے کے لیے دائر متفرق درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ میں شہری شیخ اقبال کی جانب سے دائر درخواست پر ابتدائی سماعت جسٹس ساجد محمود بھٹی نے کی تاہم جسٹس ساجد محمود بھٹی نے یہ متفرق درخواست اب چیف جسٹس محمد امیر احمد بھٹی کو ارسال کر دی ہے۔
عدالت نے متفرق درخواست سماعت کے لیے جسٹس تنویر سلطان کو بھجوانے کی سفارش کردی۔
شہری شیخ اقبال کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ زونل انتخابات ہونےجارہے ہیں، عدالت شفاف انتخابات کرانے کے احکامات صادر کرے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے الیکشن 27 جون کو ہونا ہے، الیکشن کرانے کے لیے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل پی سی بی آئین کے خلاف ہے۔
شیخ اقبال نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت چیئرمین پی سی بی کے انتخاب روکنے کا حکم دے، عدالت پی سی بی کے زونل انتخابات کے نتائج کوعدالتی فیصلے تک روکنے کا حکم دے۔
نئے بورڈ آف گورنرز میں ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے نامزد
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے الیکشن کمشنر نے نجم سیٹھی کا تجویز کردہ پی سی بی کا بورڈ آف گورنرز مسترد کرتے ہوئے نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دے دیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کا انتخاب 27 جون کو ہونا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کو بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کی وزارت سے 20 جون کو خط اور نوٹیفکیشن موصول ہوا، جس میں کہا گیا ہے کہ مدت پوری ہونے پر پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی تحلیل ہو جاتی ہے اس لیے کمیٹی کام کرنا فوری بند کر دے ۔
اسی مناسبت سے پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا، جو پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین بھی ہیں نے پی سی بی کے آئین 2014 کے پیرا 10 کے مطابق پی سی بی بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا۔
نئے تشکیل دیے گئے بورڈ آف گورنرز میں محمد ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے کو نامزد کیا گیا۔
نئے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق چیئرمین پی سی بی کا انتخاب 27 جون بروز منگل کو پی سی بی ہیڈ کوارٹر لاہور میں ہونا ہے۔
شہزاد رانا کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی ) کے چیئرمین کا انتخاب منصفانہ اور شفاف طریقے سے منعقد کیا جائے گا جب کہ مناسب طریقہ کار کو اپناتے ہوئے، تمام قانونی ضابطوں کو پورا کیا جائے گا۔
یہ بھی واضح رہے کہ ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے پہلے ہی گورننگ بورڈ کے لیے نامزد ہیں، دونوں کا نام وزیراعظم شہباز شریف نے تجویز کیا۔