انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ حسن نواز، عارفات منہاس اور فہیم اشرف نے اچھی بیٹنگ کی، تاہم ٹاپ آرڈر کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی ون ڈے سیریز: عرفات منہاس کی آل راؤنڈ کارکردگی، پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے کچھ شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے، لیکن 2027 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے مزید بہتری کی ضرورت ہے۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے تھے۔ ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور فخر زمان پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے، جبکہ صائم ایوب 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم نے 54 گیندوں پر 32 رنز بنائے، جس کے بعد پاکستان کا اسکور 59 رنز پر 3 وکٹیں ہوگیا۔
اس مشکل صورت حال میں حسن نواز نے 79 اور عارفات منہاس نے 59 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا، جبکہ فہیم اشرف نے 25 گیندوں پر 39 رنز بنا کر اسکور 302 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان علی آغا نے چوکوں کی برسات کردی، سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف شاندار سینچری
ہدف کے تعاقب میں عارفات منہاس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 40 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم 215 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے 87 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
شاہین شاہ آفریدی نے عارفات منہاس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اچھی صلاحیتوں کے مالک ہیں اور ایک مکمل آل راؤنڈر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عارفات اور فاسٹ بولرز کی فارم پاکستان کے لیے اچھا اشارہ ہے اور امید ہے کہ نوجوان آل راؤنڈر مستقبل میں بھی مزید میچز میں ایسی کارکردگی دکھائیں گے۔









