نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3 جعلی کال سینٹرز پر چھاپے مار کر غیر ملکی شہریوں سے سائبر فراڈ میں ملوث 59 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق لاہور زون کی جانب سے کی گئی کارروائیوں میں گرفتار ملزمان میں 52 مرد اور 7 خواتین شامل ہیں، جبکہ ان کے قبضے سے 61 لیپ ٹاپ، 21 کمپیوٹر سسٹمز اور 52 موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان غیر ملکی شہریوں کو موبائل فون اپ گریڈ کرنے اور سستے پیکجز فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر دھوکا دہی کرتے تھے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان جعلی ایپ پر رجسٹرڈ ریسٹورنٹس کا ڈیٹا ہیک کرکے ان کی ہفتہ وار ادائیگیاں اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کرتے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی سرگرمیوں سے پاکستان کی ڈیجیٹل ساکھ کو نقصان پہنچا، جبکہ دھوکا دہی سے حاصل ہونے والی رقوم ٹریڈنگ اور منی ٹرانسفر ایپس کے ذریعے منتقل کی جاتی تھیں۔
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے بین الاقوامی سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔










