اینتھروپک نے ایک بڑی پیشرفت کے طور پر ذاتی مصنوعی ذہانت کے معاون ’کلاڈ ڈوئیٹ‘ کے پری ویو کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: صارفین نے بدسلوکی کی تو اے آئی ماڈل کلاڈ ان سے گفتگو روک دے گا، اینتھروپک کا انتباہ
اسے خاص طور پر چھوٹے کاروباروں اور پیشہ ور افراد کو روزمرہ کے کاموں اور دفتری ذمہ داریوں کے انتظام میں مدد دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
نئے متعارف کرائے گئے اس معاون کو اوپن اے آئی کے “ڈاٹس” اور میٹا کے ’ؔمیوز‘ کا مدمقابل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ ٹیکنالوجی کمپنیاں ایسے جدید ماڈلز جاری کر کے ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کر رہی ہیں جو صارفین کی جانب سے خودمختار انداز میں کام کر سکیں۔
اینتھروپک کے مطابق کلاڈ ڈوئیٹ روزانہ کی بریفنگز فراہم کر سکتا ہے، منسلک ایپلیکیشنز کی نگرانی کر سکتا ہے اور ڈیش بورڈز بنانے، میٹنگز کا شیڈول طے کرنے اور مالیاتی پیش گوئیاں تیار کرنے جیسے کام مکمل کر سکتا ہے۔
کمپنی نے اپنی بلاگ پوسٹ میں لکھا کہ یہ معاون آپ کے سامنے وہ باتیں لاتا ہے جن پر آپ کی توجہ درکار ہے، آپ کے سونپے ہوئے کام مکمل کرتا ہے، آپ کے ہٹ جانے کے بعد بھی کام جاری رکھتا ہے، اور آپ کی جانب سے کوئی قدم اٹھانے سے پہلے آپ سے تصدیق کر لیتا ہے۔
کلاڈ ڈوئیٹ بنیادی طور پر ذاتی کاموں کے بجائے دفتری پیداواریت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اینتھروپک نے واضح کیا کہ ٹکٹ بک کرنے جیسے کام اس کی سب سے مضبوط صلاحیتوں میں شامل نہیں ہیں۔
مزید پڑھیے: مصنوعی ذہانت کا نیا خطرہ، ’کلاڈ‘ نے اوپن اے آئی کا سسٹم ہیک کرلیا
یہ اجرا ایسے وقت میں ہوا ہے جب حریف اے آئی ایجنٹس مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ ستمبر میں میٹا نے ’میوز‘ متعارف کرایا تھا جسے صارفین کے لیے ذاتی اے آئی معاون کے طور پر پیش کیا گیا۔ اس کے بعد اوپن اے آئی نے اپنی سالانہ ڈیولپر کانفرنس میں ہمہ وقت فعال رہنے والے ایجنٹس کا نظام ’ڈاٹس‘ پیش کیا۔
میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے بدھ کے روز تجزیہ کاروں کو بتایا کہ پچھلے 6 ہفتوں کے دوران امریکا اور کینیڈا میں ایک کروڑ سے زائد افراد نے میوز کے ذاتی ایجنٹس سیٹ اپ کیے ہیں۔
دوسری جانب اینتھروپک کا کہنا ہے کہ کلاڈ ڈوئیٹ ابھی ابتدائی ترقیاتی مرحلے میں ہے اور بعض اوقات گفتگو کو غلط سمجھ سکتا ہے یا کاموں کی فوری اہمیت کا درست اندازہ نہیں لگا پاتا۔
کمپنی نے بدھ کو اس سروس کے لیے ویٹ لسٹ کھول دی۔ اہل صارفین کلاڈ ڈوئیٹ تک ایک الگ ایپلیکیشن یا کلاڈ کی ویب سائٹ کے ذریعے رسائی حاصل کر سکیں گے۔
پری ویو کے دوران یہ سہولت اینتھروپک کے پرو اور میکس پلانز کے سبسکرائبرز کو دستیاب ہوگی۔
مزید پڑھیں: کلاڈ کی ہر اے آئی تحریر میں چھپا نشان، صارفین کو اعتراض کیوں؟
یہ اعلان بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان ایسے اے آئی ایجنٹس بنانے کی بڑھتی ہوئی دوڑ کو نمایاں کرتا ہے جو پیش قدمی کر کے کام سنبھال سکیں، ایپلیکیشنز کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر سکیں اور صارف کی کم سے کم مداخلت کے ساتھ کام مکمل کر سکیں۔









