محسن نقوی کا صدر مالدیپ اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ، پاکستانی ثقافت اور صوفی قوالی نے تقریب کو چار چاند لگا دیے

جمعرات 22 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی احترام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عشائیے میں شرکت کے لیے آنے والے صدر مالدیپ ڈاکٹر محمد معیزو اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

عشائیے میں مالدیپ کی خاتون اول ساجدہ محمد، وزیر خارجہ اریتھوشم آدم، وزیر دفاع حسن رشید، وزیر داخلہ علی احسان، وزیر صحت جیلا علی، وزیر اقتصادی ترقی و تجارت محمد سعید اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور محمد شاہدی نے شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان کی ثقافتی روایات اور مہمان نوازی کا خوبصورت اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور صدر مالدیپ ڈاکٹر محمد معیزو کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، جس میں پاکستان اور مالدیپ کے برادرانہ تعلقات، باہمی احترام اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عشائیے کے دوران مالدیپ کے صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں پاکستان کی مشہور صوفی قوالیاں بھی پیش کی گئیں۔ صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستانی صوفی قوالی کے منفرد انداز کو سراہا۔

صدر مالدیپ ڈاکٹر محمد معیزو نے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

عشائیے میں وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار، وزیر مملکت طلال چوہدری اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp