نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ٹیکس دہندگان کو بروقت، شفاف اور منصفانہ ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو شہریوں کی شکایات جلد از جلد حل کرنے کا حکم دیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے وفاقی ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی نے ملاقات کی، ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں ٹیکس دہندگان کی سہولت کاری اور ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس دہندگان کی شکایات میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے اور ان کے کیسز پر فیصلے مزید تیزی سے کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایک کروڑ روپے سے زائد کے لین دین پر ایف بی آر نے نیا ضابطہ نافذ کردیا
انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس دہندگان کے حقوق کا تحفظ اور انہیں منصفانہ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے مابین رابطہ کاری کی ضرورت
نائب وزیراعظم نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ٹیکس کے نظام کو بہتر اور فعال بنانے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور دیگر تمام متعلقہ شعبوں کے درمیان باہمی رابطہ کاری اور تعاون کو مضبوط بنانا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے شکایت کے ازالے کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور ٹیکس انتظامیہ کی بہتری سے متعلق پیش کردہ تمام سفارشات پر مکمل طور پر عملدرآمد کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ شفافیت کے ذریعے ہی عوامی اعتماد بحال کیا جا سکتا ہے۔
اصلاحات اور ادارہ جاتی کارکردگی پر بریفنگ
ملاقات کے دوران وفاقی ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو ادارے میں جاری مختلف اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے ٹیکس دہندگان کی آسانیاں پیدا کرنے، ان کے مسائل کے فوری حل اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اٹھائے گئے عملی اقدامات پر تفصیل سے بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں:ایکسپورٹرز کے لیے ٹیکس کی شرح میں کمی، ایف بی آر نے خوشخبری سنا دی
پاکستان میں ٹیکس دہندگان کو درپیش چیلنجز اور ایف بی آر کے طریق کار پر اکثر و بیشتر اصلاحات کا مطالبات کیا جاتا رہا ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ ٹیکس دہندگان کو بلا تاخیر اور بلا معاوضہ انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جہاں بدعنوانی یا انتظامی کوتاہی کی شکایات کا ازالہ کیا جاتا ہے۔
نائب وزیراعظم کی جانب سے ایف بی آر اور دیگر اداروں کے مابین روابط کو فعال کرنے کا مقصد ٹیکس نظام کو جدید بنانا اور ملک کی مالیاتی صورتحال کو استحکام دینا ہے، تاکہ کاروباری طبقات اور عام شہریوں کا نظام پر اعتماد بڑھ سکے۔











