اسلام آباد میں کشمیر ڈے واک کے باعث 27 اکتوبر کو مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کے لیے متبادل پلان جاری کردیا گیا، صبح 7 بجے سے واک کے اختتام تک متعدد سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہوگی، اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق شاہراہ جمہوریت پر سیکریٹریٹ سے فرانس ٹرن تک ٹریفک ڈائیورٹ ہوگی، شہری متبادل کے طور پر مارگلہ روڈ استعمال کریں۔ ڈھوکڑی چوک سرینا ہوٹل سے فرانس ٹرن تک ٹریفک کی آمدورفت بھی متاثر ہوگی، اس دوران شہری ایمبیسی روڈ اور اتاترک روڈ استعمال کرسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اہل کشمیر 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کیوں مناتے ہیں؟
ٹریفک پولیس کے مطابق شمس پکٹ سے ریڈیو پاکستان تک ٹریفک ڈائیورژن ہوگی، شہریوں کو بری امام اور تھرڈ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایف بی آر چوک اور وحید شہید چوک سے سیکرٹریٹ تک ٹریفک ڈائیورٹ ہوگی، اس لیے شہری مارگلہ روڈ سے سفر کرسکیں گے۔
نادرا ہیڈکوارٹر سے ریڈیو پاکستان چوک تک ٹریفک ڈائیورٹ ہونے کے باعث جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ متبادل راستوں کے طور پر استعمال کیے جاسکیں گے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کشمیر ڈے واک کے شرکاء کے لیے خصوصی پارکنگ پلان بھی ترتیب دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق وی آئی پیز کی گاڑیوں کے لیے ڈی چوک پریڈ گراؤنڈ میں پارکنگ مختص کی گئی ہے، جبکہ واک میں شریک عوام اپنی گاڑیاں نیشنل لائبریری میں پارک کرسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کی کہانی
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ٹریفک کی تازہ صورت حال سے آگاہی کے لیے ایف ایم 92.4 اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سرکاری سوشل میڈیا صفحات سے رہنمائی حاصل کریں۔











