ٹوئٹر پر اب کسی کی بھی ٹوئیٹس دیکھنے کے لیے آپ کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سماجی رابطے کی اس معروف مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرنا ہوگی یعنی سادہ لفظوں میں اس شرط کو بیان کیا جائے تو اب ٹوئٹر پر اپنا اکاؤنٹ بنائے بغیر آپ ٹوئٹر کے کسی بھی مواد تک رسائی حاصل نہیں کرسکیں گے۔
ٹوئٹر انتظامیہ کے اس حالیہ اقدام کو سماجی رابطے کے اس مقبول پلیٹ فارم کے مالک ایلون مسک نے ’عارضی ہنگامی اقدام‘ قرار دیتے ہوئے اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ ٹوئٹر کا ڈیٹا اس حد تک چوری کیا جا رہا تھا کہ عام صارفین کے لیے ٹوئٹر سروس تنزلی کا شکار ہوکر رہ گئی تھی۔
ٹوئٹر کی جانب سے اعلان کردہ اس نئی مگر عارضی ہنگامی اقدام کے بعد اس پلیٹ فارم پر مواد دیکھنے کی کوشش کرنے والے صارفین سے ان کے پسندیدہ ٹوئیٹس دیکھنے کے لیے کسی اکاؤنٹ سے سائن اپ کرنے یا پھر باہر نکلنے والے اکاؤنٹ سے دوبارہ لاگ ان ہونے کا کہا جائے گا۔
NEWS: Twitter's web version no longer allows users to browse without logging in. All urls redirect to the signup page.
This is believed to be a measure to make it harder for scrapers to take Twitter's data, like ChatGPT's web browsing plugin has been doing. pic.twitter.com/DbfuAWwS4p
— X Daily News (@xDaily) June 30, 2023
ایلون مسک کے مطابق سینکڑوں یا اس سے بھی زائد تنظیمیں ٹوئٹر کے ڈیٹا کو ’انتہائی جارحانہ انداز میں‘ اس طرح کھرچ رہی تھیں کہ ٹوئٹر صارفین کا تجربہ متاثر ہو رہا ہے۔
مسک اس سے قبل مصنوعی ذہانت کی اوپن اے آئی اور چیٹ جی پی ٹی جیسی کمپنیوں کیخلاف بھی ناراضی کا اظہار کر چکے ہیں، جو ان کے مطابق ٹوئٹر کے ڈیٹا کو اپنے وسیع لسانی ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
’ہم بالکل ان لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے جنہوں نے ہمارا ڈیٹا چوری کیا اور انہیں عدالت میں دیکھنے کے منتظر ہیں، جو کہ اب سے 2 سے 3 سال بعد ممکن ہوگا۔‘
مائیکروسوفٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ستیہ نڈیلا کو مئی میں لکھے گئے ایک خط میں، ایلون مسک کے وکیل الیکس اسپیرو نے ونڈوز ڈویلپر پر سوشل میڈیا کمپنی کا ڈیٹا استعمال کرنے کے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے ٹیک کمپنی سے ٹوئٹر ڈیٹا کے استعمال کا آڈٹ کرنے کو کہا۔
کمپنی نے مسک کی ملکیت میں پلیٹ فارم چھوڑنے والے مشتہرین کو واپس لانے اور تصدیقی چیک مارکس کو ٹوئٹر بلیو پروگرام کا حصہ بنا کر سبسکرپشن ریونیو بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔
رواں مہینے کے آغاز میں، ٹوئٹر نے ڈیجیٹل اشتہارات سے ہٹ کر سوشل میڈیا کمپنی کے کاروبار کو زندہ کرنے کے لیے ویڈیو، تخلیق کار اور تجارتی شراکت داری پر توجہ مرکوز کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔
اپنے ایپلیکیشن پروگرامنگ انٹرفیس (API) تک رسائی کے لیے ٹوئٹر پہلے ہی تھرڈ پارٹی ایپس اور محققین سے معاوضہ طلب کرنے کا آغاز کرچکا ہے۔