ایران نے اسرائیلی عوام کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل پر طاقتور حملہ ہونے والا ہے، اس لیے وہ اپنا ملک چھوڑ دیں۔
ایران نے اسرائیلی عوام کے نام عبرانی زبان میں پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہیں فوری طور پر اسرائیل چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کرنے کا اسرائیلی منصوبہ مسترد کردیا
ایرانی میڈیا پر نشر ہونے والے اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل میں موجود تمام شہریوں کو چاہئے کہ وہ جلد از جلد اپنے ملک سے نکل جائیں کیونکہ ایران کی جانب سے ایک بڑے میزائل حملے کا آغاز کیا جا چکا ہے۔
ایران نے پیغام میں کہا ہے کہ یہ حملے اسرائیلی فوجی اڈوں، ہتھیار بنانے والی فیکٹریوں، تحقیقی مراکز، آئل ریفائنریوں اور جوہری تنصیبات پر کیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب ایران کی مسلح افواج نے ویڈیو بیان کے ذریعے اسرائیلی شہریوں خبردار کیا ہے کہ وہ حساس علاقوں کے قریب جانے یا رہنے سے گریز کریں۔
أبو عبيدة يطل من جديد…
حيّ الله الناطق الرسمي للقوات المسلحة للجمهورية الإسلامية الإيرانية. pic.twitter.com/EyU499Ovpj— بلال نزار ريان (@BelalNezar) June 15, 2025
ایرانی سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک ویڈیو بیان میں ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ہمارے پاس مقبوضہ علاقوں میں واقع اہم اور حساس تنصیبات کا مکمل ڈیٹا موجود ہے، اسرائیلی عوام سے اپیل ہے کہ وہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے خود کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال نہ ہونے دیں۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی حملوں پر ایران کا ردعمل مقبوضہ علاقوں کے ہر حصے کو اپنی لپیٹ میں لے گا، شہری اس وارننگ کو سنجیدگی سے لیں اور ان علاقوں کو چھوڑدیں کیونکہ یہ علاقے مستقبل قریب میں ناقابلِ رہائش ہوجائیں گے۔
ایرانی فوج کی جانب سے یہ بیان نشر کیے جانے کے ساتھ ہی ایران نے اسرائیل پر ہائپر سونگ میزائل داغ دیے، جس کے بعد تل ابیب اور یروشیلم میں زور دار دھماکے سنے گئے ہیں، ایرانی حملوں میں حیفہ میں 2کثیرالمنزلہ عمارتیں مکمل تباہ ہوگئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی حملے سے ایران میں نقصانات، پاسداران انقلاب کا انٹیلیجنس ہیڈکوارٹر تباہ کرنے کا بھی دعویٰ
اس سے قبل اسرائیل نے فارسی زبان میں ایران کے شہریوں کو بھی خبردار کیا تھا کہ وہ ایران میں موجود حساس فوجی اور جوہری تنصیبات کے قریب نہ جائیں، کیونکہ یہ تنصیبات اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنے گی۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے اسرائیلی کی جانب ایک اور میزائل حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد تل ابیب میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔