لاہور ہائیکورٹ نے چئیرمین پی سی بی کا انتخاب کروانے کی اجازت دیدی

پیر 3 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین نے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے الیکشن کے خلاف حکم امتناعی واپس لے لیا اور چیئرمین پی سی بی کے انتخابات کروانے کی اجازت دیتے ہوئے درخواستوں پر مزید کارروائی کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔

جسٹس انوار حسین نے درخواستوں پر سماعت کی، پی سی بی کی جانب سے امتیاز رشید صدیقی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار نے کہاکہ مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بنائے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹا دیا ہے، پی سی بی الیکشن کمشنر نے غیر آئینی اقدام کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کےنوٹیفیکیشن کوکالعدم قرار دیا اور غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے نیابورڈ آف گورنرز تشکیل دیا ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ پی سی بی الیکشن کمشنر کا ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیر آئینی قرار دیا جائے اور عدالتی فیصلہ آنے تک پی سی بی انتخابات روکنے کا حکم دے۔

جسٹس انوار حسین نے تمام دلائل سننے کے بعد چیئرمین پی سی بی کے انتخابات کے خلاف حکم امتناعی واپس لے لیا اورچیئرمین پی سی بی کے الیکشن کے خلاف تمام درخواستیں یکجا کرنے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردیں۔

بعد ازاں عدالتی نوٹ جاری کیاگیا جس میں لکھا گیا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں دوسرے بنچ میں فکس ہیں ان درخواستوں کو بھی متعلقہ بنچ کے سامنے فکس کیا جائے۔

اس سے قبل بلوچستان لاہور اور پشاور ہائیکورٹس نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کےانتخابات روکنے کا حکم دیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت، پی سی بی الیکشن کمشنر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔

مزید پڑھیں

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کمشنر نے نجم سیٹھی کا تجویز کردہ پی سی بی کا بورڈ آف گورنرز مسترد کرتے ہوئے نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دے دیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کا انتخاب 27 جون کو ہونا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کو بین الصوبائی رابطہ کی وزارت سے 20 جون کو خط اور نوٹیفکیشن موصول ہوا، جس میں کہا گیا ہے کہ مدت پوری ہونے پر پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی تحلیل ہو جاتی ہے اس لیے کمیٹی کام کرنا فوری بند کر دے۔

اسی مناسبت سے پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا، جو پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین بھی ہیں نے پی سی بی کے آئین 2014 کے پیرا 10 کے مطابق پی سی بی بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا گیا۔

نئے تشکیل دیے گئے بورڈ آف گورنرز میں محمد ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے کو نامزد کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق چیئرمین پی سی بی کا انتخاب 27 جون کو پی سی بی ہیڈ کوارٹر لاہور میں ہونا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp