وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع تورغر کے دورے کے دوران مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا، تورغرتا بونیر شاہراہ جس میں آر سی سی پل اور بونیر تا کڑاکڑ رابطہ سرنگ شامل ہے کا سنگ بنیاد رکھا اور ساتھ ہی غریبوں اور یتیموں کے لیے تورغر سمیت پورے صوبے میں دانش اسکولوں کے قیام کا اعلان بھی کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ تورغر کے دوران قبائلی عمائدین و مشیران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قیام پاکستان میں قبائلی عمائدین اور مشیران کا خون شامل ہے، ان تمام لوگوں نے پاکستان کے لیے بڑیہ قربانیاں دی ہیں، ان کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
’یہاں کے لوگوں نے تربیلا ڈیم کے لیے اپنی زمینیں قربان کیں یہی ملک کی خدمت ہے۔‘
وزیر اعظم نے کہاکہ خیبرپختونخوا پاکستان کا سب سے خوبصورت ترین خطہ ہے، یہاں کے لوگ بہادر ہیں، اس صوبے کو بہت ترقی پذیرہونا چاہیے تھا بدقسمتی سے یہ صوبہ آگے نہیں بڑھ سکا۔
انہوں نے کہاکہ ابھی بھی وقت ہے سب ملک کر ساتھ چلیں اور عزم کریں کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی، گزرے وقت پر ماتم کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہمیں اس سے سبق حاصل کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں
انکا کہنا تھاکہ ضلع تورغر میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، میاں محمد نواز شریف نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں یہاں تاریخی منصوبے شروع کیے تھے لیکن گزشتہ حکومت نے تمام منصوبوں کو سرد خانے میں ڈال دیا تھا لیکن اس بار ہم نے بجٹ میں تمام منصوبوں کے لیے رقم مختص کر دی ہے۔
’وفاقی حکومت مںصوبوں کی تکمیل میں صوبے کی معاونت کریگی۔‘
وزیر اعظم نے آئی ایم ایف پروگرام کو خوشی کے بجائے مجبوری قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہم نے بڑی مشکل سے آئی ایم ایف پروگرام حاصل کیا ہے، معاہدے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، 12 تاریخ کو آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ ہونی ہے جس کے بعد رقم پاکستان آجائے گی۔
انہوں نے کہاکہ ملک کے اندراور باہر بیٹھے کچھ لوگوں نے پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی بہت دعائیں کیں لیکن پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہوا، ہمیں مزید کوششیں کرکے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانا ہے۔
انکا مزید کہنا تھاکہ پاکستان طے ہونے والے معاہدے پر آئی ایم ایف کا شکر گزار ہے جبکہ ان تمام دوست ممالک کا بھی شکرگزار ہے جنہوں نے اربوں ڈالرز پاکستان کو بھیجے۔