گرین پاکستان پروجیکٹ سے سمندر پار زمیندار اور پاکستانی پاکستانی تاجر دونوں پُر امید دکھائی دے رہے ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔
پاکستان ایسوسی ایشن شارجہ کے صدر محمد خالد نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ انہیں گرین پاکستان پروجیکٹ سے بہت خوشی ہوئی ہے ۔ یہ وزیر اعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔‘
محمد خالد نے کہا کہ وہ بحیثیت سمندر پار پاکستانی اس منصوبے کی حمایت کرتے ہیں، یہ سرگرمی پاکستان کے زر مبادلہ اور پاکستان کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرے گی۔
سمندر پار پاکستانی سرمایہ کار خالد نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ گرین پاکستان پروجیکٹ پاکستان کے لیے مفید ثابت ہو گا، ہم اس پراجیکٹ میں ذیادہ سے ذیادہ سرمایہ کاری کریں گے تاکہ پراجیکٹ جلد سے جلد اپنی منزل کی طرف گامزن ہو۔
گرین پاکستان پروجیکٹ سے پرامید ایک اور سمندر پار پاکستانی تاجر غلام مصطفی نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری لے کر آئے ہیں۔ ملک میں اس نوعیت کے منصوبوں سے پاکستان کی زرعی پیداوار میں بتدریج اضافہ ہوگا۔
زمیندار ملک ہمایوں نے کہا ہے کہ پاک فوج اور حکومت نے مشترکہ طور پر جو سبز انقلاب کی پالیسی تشکیل دی ہے ہم سب زمیندار اس کے تحت مل کر پاکستان کی تمام بنجر زمینوں کو آباد کریں گے۔
واضح رہے کہ گرین پاکستان اِنیشی اَیٹو پروجیکٹ کا کچھ دن قبل اسلام آباد میں افتتاح ہوا تھا، اس موقع پر منعقدہ سیمینار میں وفاقی وزراء، سندھ اور پنجاب کے وزراء اعلی، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، زرعی ماہرین، اعلی عسکری افسران اور ملک بھر سے کسانوں کی بڑی تعداد کے علاوہ سفارتکاروں اور سرمایہ کاروں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ گرین پاکستان انیشی ایٹیو ملک کے لیے دوسرا بڑا سبز انقلاب ثابت ہوگا جو پاکستان کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھولے گا ،اس ویژن کے تحت آئندہ چار پانچ سال میں 30 سے 40 ارب ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ تقریبا 40 لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔