لاہور میں ڈرون کے ذریعے منشیات کی منتقلی کا عمل تو جاری ہوگا ہی لیکن ترسیل کے اس جدید ذریعے کے اپنی منزل مققصود پر پہنچنے سے پہلے ہی راستے میں گرجانے کے واقعات بھی رک نہیں سکے ہیں۔
جمعے کو منشیات سے لدا پھندا ایک اور ڈرون لاہور کے علاقے ہڈیارہ میں گرا ہے جسے متعلقہ پولیس اوراینٹی نارکوٹکس نے قبضے میں لے لیا۔ گرنے والے ڈرون سے 5 پیکٹ ڈرگ پاوڈر کے برآمد ہوئے۔
یاد رہے کہ 7 جولائی کو بھی منشیات ادھر سے ادھر کرنے کی کوشش کے دوران ایک ڈرون لاہور کے نواحی علاقے ہلوکی کاہنہ کے رسول پورہ گاؤں میں گر گیا تھا۔ ایک عجیب اتفاق یہ ہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والا واقعہ بھی جمعے کو ہی ہوا تھا۔ وہ ڈرون روزدار نامی زمیندار کی زمینوں میں گرا تھا اور اس کے ساتھ کروڑوں روپے مالیت کی 6 کلو ہیروئن کو باندھا گیا تھا۔
آج گرنے والا ڈرون گزشتہ مقام سے کوئی 30 تا 40 کلومیٹر کے فاصلے پر گرا ہے۔
مزید پڑھیں
اس حوالے سے پولیس کی تحقیقات تو جاری ہیں لیکن تاحال یہ پتا نہیں لگایا جاسکا ہے کہ منشیات سے بھرے یہ ڈرون کہاں سے آپریٹ ہورہے ہیں اور یہ اسمگلنگ درحقیقت کہاں کے لیے کی جارہی تھی۔ اس بارے میں بھی کچھ یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ کیا منشیات کا کاروبار کرنے والے اس گروہ نے اب تک ڈرون کے ذریعے یہ 2 ہی تجربات کیے ہیں جو ناکام رہے یا پھر یہ جدید طریقہ کارگر بھی ثابت ہوتا رہا ہے۔