پاکستان کی انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی قدر تیزی سے گرنے کا سلسلہ منگل کو بھی جاری ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے دن دوپہر سے قبل انٹر بینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران روپے کی قدر میں3.74 روپے کی کمی ہوئی۔
فاریکس ٹریڈرز کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت منگل کی سہ پہر تک بڑھ کر 283 روپے ہو گئی۔
روپے کی قدر میں حالیہ گراوٹ ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جون کے مہینے میں کرنٹ اکاؤنٹ کےسرپلس رہنے کا اعلان کیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جون کے مہینے میں کرنٹ اکاؤنٹ میں 334 ملین ڈالر سرپلس رہے۔
Current Account recorded a surplus of $334 million in Jun 2023.https://t.co/Od8ikVvXrd#SBPBOP pic.twitter.com/llVGIKiKNa
— SBP (@StateBank_Pak) July 18, 2023
منگل کو پاکستانی روپے کی قدر گرنے کا سلسلہ گزشتہ کئی روز سے جاری رجحان کا تسلسل ہے۔ گزشتہ کاروباری ہفتہ کے آخری روز جمعہ 14 جولائی کو انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 277.59 روپے تھی۔
رواں کاروباری ہفتہ شروع ہوا تو پیر کو پہلے روز کے اختتام پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا کہ انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر 279.26 روپے رہی۔
لیکن کاروباری ہفتے کے دوسرے دن پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
امریکی ڈالر پاکستانی روپے کے مقابلے میں انٹربینک میں 3.78 روپےمہنگا ہوگیا ہے۔
حالیہ تبدیلی کے بعد انٹربینک میں ڈالر 283 روپے 04 پیسے کا ہو گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی کرنسی ایکسچینج رپورٹ کے مطابق سعودی ریال 75.44 روپے، اماراتی درہم 77.05 روپے، قطری ریال 77.70 روپے، کویتی دینار 924.21 روپے اور بحرینی دینار750.85 روپے کا رہا۔
انٹربینک میں آسٹریلین ڈالر کی قدر 192 روپے 77 پیسے، کینیڈین ڈالر214 روپے 32 پیسے اور برطانوی پاؤنڈ 370 روپے 32 پیسے ریکارڈ کی گئی۔
منگل کو ٹریڈنگ کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی کرنسی کی شرح 287 روپے رہی۔