جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز کا کہنا ہے کہ جرمنی میں ہونے والے اسپیشل اولمپکس و رلڈ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے 80 سے زائڈ میڈلز جیت کر اس بات کو ثابت کیا ہے کہ محنت کے ساتھ جیت کاعزم ہو تو کوئی دشواری کامیابی کاراستہ نہیں روک سکتی۔
اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں اعزازات جیتنے والے قومی کھلاڑیوں کے اعزاز میں کراچی مین منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ جرمنی کی میزبانی میں پہلی بار ہونے والے اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز ہر لحاظ سے ایک شاندار اور یادگار انداز میں منعقد ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں 176 ممالک کے ساڑے 6 ہزار ایتھلیٹس نے حصہ لیا اور پاکستان کے اسپیشل ایتھلیٹس دنیا میں کسی سے کم نہیں۔
ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے کہا کہ پاکستانی ایتھلیٹس نے برلن ورلڈ گیمز میں میڈلز جیتنے کے ساتھ ساتھ اپنے ملک کے سفیر کی حیثیت سے عمدہ اخلاق اور رویے کی بدولت بھی سب کے دل جیتے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس موقع پر قونصل جنرل کی جانب سے کھلاڑیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔