ہزارہ ایکسپریس جان لیوا حادثہ کم وسائل کا شاخسانہ ہے، وزیر ریلوے سعد رفیق

پیر 7 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ کل بہت بڑا حادثہ پیش آیا، ریلوے کے وزیر ہونے کے ناطے یہ بیان دے رہا ہوں کہ پاکستان کے پاس وسائل ہی نہیں ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم چیزوں کو ترتیب ہی نہیں دے پا رہے، کل جو حادثہ پیش آیا وہ بھی کم وسائل کا شاخسانہ ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہزارہ ایکسپریس کو جو حادثہ پیش آیا اس کی تحقیقات کر رہے ہیں، جو بھی ذمہ دار ہو گا اسکو سزا ضرور دیں گے، نگران حکومت آرہی ہے باقی معاملات وہی دیکھیں گے۔ اصل ذمہ داری یہی ہے کہ ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے کے تحت چائنہ کے ساتھ ایم ایل ون کے تحت بات چیتے ہوچکی ہے، اکتوبر میں ایم او یو سائن ہو جائے گا اور 5 سے 6 سال میں ایک ایسی ریلوے کا قیام عمل میں آئے گا جو ترقی پذیر ممالک میں موجود ہے۔

انکا کہنا تھاکہ پاکستان ایئر لائن دنیا کی بہترین ایئر لائن تھی لیکن آج اس کا حال بد ترہوچکا ہے کیونکہ میرٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے اس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں۔ اب اسکا ایک ہی حل ہے کہ ہمیں نئے جہاز درکار ہیں انسوٹمنٹ کے لیے پیسے نہیں ہیں تو پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ لانا ہوگا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ ایک ایک کرکے سارے ایئر پورٹس آؤٹ سورس کیے جائیں گے، سب سے پہلے اسلام آباد ایئرپورٹ کو 15 سال کے لیے آؤٹ سورس کیا جائے گا، کیونکہ ساری دنیا میں حکومتیں صرف ایئرپورٹ بناتی ہیں باقی اسکو پرائیویٹ سیکٹر ہی چلاتا ہے۔
خواجہ سعد رفیق کے مطابق پاکستان کی آبادی 24 کروڑ ہو چکی ہے، بڑھتی آبادی ہی مسائل کی سب سے بڑی وجہ ہے، پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے، ہمیں اس وقت باہمی اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔

انکا مزید کہنا تھاکہ مارشل لاء اور اس کے بعد وجود میں آنے والی سیاسی حکومتوں نے پاکستان  کے جمہوری اقدار کو نقصان پہنچایا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp