ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ، متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، 30 افراد جاں بحق، 80 زخمی

اتوار 6 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نوابشاہ کے قریب کراچی سے ایبٹ آباد جانے والی ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور کچھ بوگیاں الٹ بھی گئیں جس کے باعث 30 افراد جاں بحق ہوگئے اور 80 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، انتظامیہ کی جانب سے قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ  کر دی گئی ہے۔

ریلوے حکام اور پولیس کے بیانات

ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، حادثے میں ہزارہ ایکسپریس کی متعدد بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں، اور کئی الٹ بھی گئیں، کمشنر نوابشاہ اور ڈی آئی جی یونس چانڈیوشہید بینظیر آباد کے مطابق حادثے میں 30 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 80 کے قریب زخمی ہیں، چونکہ ٹرین نہر کے اوپر سے گزر رہی تھی جب حادثہ پیش آیا تو ٹرین میں سوار افراد زخمی ہونے کے بعد نہر میں گر گئے جن کو نکالنے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ تاحال حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں لیکن ہزارہ ایکسپریس میں سوار مسافروں کو بوگیوں سے نکالنے کا کام جاری ہے۔ ٹرین حادثے کے باعث قریبی اسپتالوں اور ضلع نوابشاہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ہو سکتا ہے کہ کوئی تخریب کاری ہو؟ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ سب سے پہلا کام حادثے کا شکار افراد کو ریلیف دینا ہے اس کے بعد تحقیقات کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہو سکتا ہے کہ یہ تخریب کاری ہو لیکن ٹیکنیکل فالٹ بھی ہو سکتا ہے کیونکہ ٹرین مناسب رفتار 45 کلو میٹر فی گھنٹہ رفتارسے چل رہی تھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

انکا کہنا تھاکہ ہم دعا ہی کر رہے تھے کہ 3،4 روز رہ گئے ہیں کوئی حادثہ نہ ہو جائے اور وہی ہوا تاہم حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرین حادثے کے ہر پہلو کو دیکھا جا رہا ہے، حادثے کی وجہ سے ٹرینوں کا شیڈول تبدیل کر رہے ہیں۔ ریلیف کا کام جلد پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا۔

وزیراعظم کا ریل حادثے پر دکھ کا اظہار، رپورٹ طلب

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نواب شاہ کے قریب کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکپریس کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریلوے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے مغفرت کی دعا کی، انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور ریلوے حکام کو حادثے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم نے پاکستان ریلوے، ریسکیو اور پاک فوج کے اہلکاروں کی مسافروں کی بروقت امدادی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہنگامی طور پر نوابشاہ پہنچ گئے

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہنگامی طور پر نوابشاہ پہنچ گئے ہیں اور زخمیوں کی عیادت کی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرین کی 9 بوگیاں کلیئر ہو چکی ہیں جبکہ دسویں بوگی کو کلیئر کرنے کے لیے کام جاری ہے، ضرورت پڑنے پر فوج کی مدد لی جا سکتی ہے۔

جی او سی حیدرآباد ڈویژن کی ریسکیو آپریشن کی براہِ راست نگرانی

جی او سی حیدرآباد ڈویژن میجر جنرل محمد حسین ٹرین حادثے کی جگہ پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن کی براہِ راست نگرانی کی۔

میجر جنرل محمد حسین نے کہا کہ ایک کے سوا تمام بوگیوں کو کلیئر کر دیا گیا ہے، رہ جانے والی بوگی کو کرین کی مدد سے ہٹایا جائے گا جبکہ ٹریک کو کلیئر ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجوہات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گی، ابتدائی طور پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار زیادہ نہیں تھی، ڈرائیور راشد منہاس

متاثرہ ٹرین کے ڈرائیور راشد منہاس نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جس جگہ پر حادثہ ہوا وہاں پر رفتار کی حد 105 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے جبکہ ہم 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جا رہے تھے۔

ڈرائیور نے کہا کہ ٹرین کی 19 بوگیوں میں سے 10 حادثے کا شکار ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ ایک بجکر 15 منٹ پر پیش آیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا نوٹس

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نواب شاہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثے کا نوٹس لے لیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے متعلقہ حکام کو سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثے کی تحقیقات کی ہدایت کر دی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے بلندی درجات اور ورثاء کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سندھ حکومت کی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ تنظیم کے کارکنان بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔

انہوں نے سندھ حکومت کو ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کے فوری علاج و معالجے کی بھی ہدایت کی۔

ڈی ایس ریلوے محمود الرحمٰن کا بیان

ڈی ایس ریلوے محمود الرحمٰن نے حادثے کے فوری بعد بتایا کہ ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا، حادثے کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوکوشیڈ روہڑی سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ پہنچ چکی ہے، حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹریفک معطل ہے، حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

پاک فوج اور رینجرز نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا

حادثے کے فوری بعد پاک فوج اور رینجرز کے دستے امدادی سرگرمیوں کے لیے جائے وقوعہ پہنچ گئے، اور مزید دستوں کو حیدرآباد اور سکرنڈ سے طلب کیا گیا، آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر بھی امدادی کارروائیوں کے لیے پہنچ گئے۔ آرمی چیف کی جانب سے پاک فوج اور رینجرز کو امدادی سرگرمیوں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔

پاک فوج کے مطابق جن زخمیوں کو طبی امداد کی ضرورت تھی اور جو ٹرین سے باہر تھے انہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا، جو لوگ الٹی بوگیوں کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں انکو بھی ریسکیو کر لیا گیا ہے، روہڑی اور کراچی سے روانہ ہونے والی ریسکیو ٹرینز بھی پہنچ چکی ہیں ، پاک فوج اور رینجرز کے دستے موقع پر ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔

ڈی جی رینجر سندھ میجر جنرل اظہر وقاص کی ہدایت پر رینجرز نفری بھی جائے حادثہ پر پہنچی، فوری ریسکیو کے لیے تربیت یافتہ جوانوں کو جائے حادثہ پر بھیجا گیا، رینجرز ٹیموں کے ہمراہ ایمبولینسز، میڈیکل ایڈ کے علاوہ کھانے کا سامان بھی موجود تھا، رینجر کے جوانوں نے زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کیا۔

نوابشاہ کے منتخب نمائندے زخمیوں کی مدد کے لیے آگے بڑھیں، آصف زرداری

سابق صدر مملکت آصف زرداری نے نوابشاہ میں ٹرین حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ نوابشاہ کے منتخب نمائندے متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔

ٹرین حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوابشاہ میں اندوہناک واقعہ پیش آیا، ٹرین حادثے کے لواحقین سے تعزیت کرتی ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp