سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں کانگریس کے قائد راہول گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت 137 روز بعد بحال ہوگئی۔
4 اگست کو سپریم کورٹ نے مجرمانہ ہتک عزت کیس میں راہول گاندھی کی سزا پر عملدرآمد روک دیا تھا جس کی وجہ سے ان کی رکنیت بحال ہو گئی ہے۔ قبل ازیں سزا کی وجہ سے انہیں کو پارلیمنٹ کی رکنیت سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔
راہول گاندھی اب بطور کانگریس رہنما پارلیمنٹ کی کارروائی میں حصہ لے سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی طرف سے سزا پر روک لگانے کے بعد لوک سبھا سیکریٹریٹ نے اس سلسلے میں فیصلہ لیا جب کہ راہل گاندھی رکنیت بحالی کے لیے سپریم کورٹ جانے کی تیاری کر رہے تھے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اگر 7 اگست کی شام تک راہول گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت بحال نہیں ہوتی ہے تو کانگریس منگل کو سپریم کورٹ میں اپیل کر سکتی تھی۔ تاہم اس سے پہلے ہی راہل گاندھی کی رکنیت بحال کر دی گئی ہے اور اب وہ دوبارہ رکن پارلیمنٹ بن گئے ہیں۔
دریں اثنا راہول گاندھی کی بہن پرینکا گاندھی نے اپنے بھائی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر لڑنے والے کانگریسی کارکنان کے علاوہ عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب پارلیمنٹ میں پھر اصلی ایشوز پر آواز گونجے گی۔
پرینکا گاندھی نے کانگریس اراکین پارلیمنٹ اور اِنڈیا اتحاد کے لیڈروں کی نعرہ بازی کے درمیان راہول گاندھی کے پارلیمنٹ پہنچنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’ملک کی عوام کے اصل ایشوز کی آواز ایک بار پھر پارلیمنٹ میں گونجے گی‘۔
کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بذریعہ ٹوئٹ کہا ہے کہ ’’راہول گاندھی جی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر لڑنے والے لاکھوں کانگریس کارکنان اور انصاف و سچائی کی لڑائی کی حمایت کرنے والے کروڑوں ملکی باشندوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ‘۔
یاد رہے کہ راجیو گاندھی کے بیٹے اور اندرا گاندھی کے پوتے راہول گاندھی کو 23 مارچ کو سورت عدالت کی جانب سے ہتک عزت کے مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد بھارت کی لوک سبھا کے رکن کے طور پر نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔
بھارتی ریاست گجرات کی عدالت نے راہول گاندھی کو 2019 میں کی گئی ایک تقریر پر ہتک عزت کا قصور وار قرار دیتے ہوئے تعزیرات ہند کی دفعات 499 اور 500 کے تحت انہیں 2 سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم عدالت نے انہیں ضمانت دیتے ہوئے سزا 30 دن کے لیے معطل کردی تھی۔
देश की जनता के असल मुद्दों की आवाज एक बार फिर संसद में गूँजेगी।
श्री @RahulGandhi जी के साथ कंधे से कंधा मिलाकर संघर्ष करने वाले लाखों कांग्रेस कार्यकर्ताओं व इन्साफ और सच की लड़ाई में समर्थन देने वाले करोड़ों देशवासियों का तहे दिल से धन्यवाद । pic.twitter.com/2HpWOWqY1u
— Priyanka Gandhi Vadra (@priyankagandhi) August 7, 2023
بھارت کے ایک اہم اپوزیشن رہنما راہول گاندھی 2024 میں وزیراعظم مودی کے مدمقابل ہوں گے۔ نریندر مودی ان انتخابات میں تیسری مدت کے لیے امیدوار ہوں گے۔
راہول گاندھی نے سنہ 2019 میں لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران کرناٹک میں انتخابی ریلی میں کہا تھا کہ ’چوکیدار 100 فیصد چور ہے‘۔گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں نریندرمودی نے خود کو ملک اور عوام کا ’چوکیدار‘ بتا کر مہم چلائی تھی۔
راہول گاندھی نے یہ بھی کہا تھا کہ تمام چوروں کے ناموں میں مودی کیسے آتا ہے؟ نیرو مودی، للت مودی، نریندر مودی‘۔ ہمیں نہیں معلوم کہ ایسے اور کتنے مودی آئیں گے؟‘ واضح رہے کہ نیرو مودی ہیرے کے تاجر ہیں اور ملک سے فرار ہیں۔ للت مودی انڈین پریمیئر لیگ کے سابق چیف ہیں جن پر انڈین کرکٹ بورڈ نے تاحیات پابندی عائد کی ہوئی ہے۔