’جو نقش کہن تم کو نظر آئے مٹا دو۔‘ ٹوئٹر کا نام ایکس (X) سے تبدیل کرنے کے بعد ارب پتی ایلون مسک ٹوئٹر کی عمارت پر موجود اس کے پرانے لوگو اور دیگر اشیا کو نیلامی کے لیے پیش کر رہے ہیں۔ نیلام کیے جانے والی 584 اشیا میں کافی ٹیبلز، پرندوں کے لیے بنائے گئے بڑے پنجرے اور ماضی میں ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی تصاویر، کئی میز کرسیاں، ایک ڈی جے بوتھ اور موسیقی کے کئی آلات ہیں جو ایک بینڈ کی ضرورت کے لیے کافی ہیں۔
نیلامی کے لیے پیش ہونے والے ٹوئٹر کے نشانات میں سے ایک اب بھی کمپنی کے ہیڈکوارٹر کی عمارت پر لگا ہوا ہے۔ نیلامی کی فہرست میں لکھا ہے کہ ’چڑیا اب بھی عمارت پر نصب ہے، جسے اتارنے کے لیے خریدار مناسب اجازت ناموں کے ساتھ سان فرانسسکو سے لائسنس یافتہ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔‘ گذشتہ ماہ سان فرانسسکو کی انتظامیہ نے عمارت سے ٹوئٹر کے مختلف نشانات کو ہٹانے کی کوشش کو عارضی طور پر روک دیا تھا۔
ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی تصاویر کی 2 آئل پینٹنگز بھی نیلام کی جائیں گی۔ پہلی تصویر 2014 اکیڈمی ایوارڈز میں اداکارہ ایلن ڈیجینریز کی سیلفی ہے جبکہ دوسری تصویر امریکی صدر باراک اوبامہ نے نومبر 2012 میں امریکا کے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر ٹوئیٹ کی تھی۔
نیلامی میں موسیقی کے آلات، گٹار سے لے کر ڈرم کٹس اور ایمپلیفائر کے علاوہ کنٹرولر، مکسر اور سپیکر کے ساتھ ڈی جے بوتھ بھی شامل ہے۔ نیلامی کے لیے بولی 12 ستمبر کو شروع ہو گی اور 2 دن بعد ختم کر دی جائے گی۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا اور اس کے بعد اخراجات میں کمی کرنے کے لیے کمپنی کی ہزاروں ملازمتوں میں کمی کی تھی اور اب یہ نیلامی کی جا رہی ہے۔
کپمنی ملازمتوں میں کی گئی کٹوتیوں میں ایسی ملازمتیں بھی تھیں جو پلیٹ فارم پر بدسلوکی کی نشاندہی کرکے انہیں روکتے تھے جبکہ کمپنی نے اکاؤنٹس کی تصدیق کرنے کا طریقہ کار بھی تبدیل کر دیا تھا۔
مزید پڑھیں
2023 کے آغاز میں ٹوئٹر نے سان فرانسسکو ہیڈکوارٹر سے سینکڑوں اشیا کی نیلامی کی تھی، مشہور چڑیا کے لوگو پر سب سے زیادہ بولی لگائی گئی تھی اور وہ ایک لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔ گذشتہ ماہ کمپنی نے اپنی برانڈنگ سے نیلی چڑیا کے لوگو کو کالے اور سفید ایکس(X) سے تبدیل کر دیا تھا۔