صدر آزاد ریاست جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جمعے کو نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی اور انہیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نگراں وزیراعظم نے صدر آزاد جموں و کشمیر کو پاکستان کی جانب سے کشمیر کے لیے غیر مشروط حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جد وجہد میں حکومت ان کے شانہ بہ شانہ کھڑے رہے گی۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھی جائے گی۔
اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر نے نگراں وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر آنے کی اور قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرنے کی دعوت دی۔