انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سانحہ جڑانوالہ کے تانے بانے دشمن انٹیلی جنس ایجنسی سے ملتے ہیں۔ پولیس نے 3 مرکزی ملزمان سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے پیچھے ایک بہت بڑی سازش تھی، مسلمانوں کو اپنے مسیحی بھائیوں سے لڑانے کی پلاننگ کی گئی، ہم نے نیٹ ورک توڑ دیا ہے، اب دوبارہ ایسے واقعات رونما نہیں ہوں گے۔
’سرگودھا میں قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والے 2 افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے‘۔
مزید پڑھیں
آئی جی پنجاب نے کہاکہ مسیحی بھائیوں کے ساتھ جو زیادتی ہوئی اس کی ہم معافی مانگ چکے ہیں، اور نقصان کا بھی ازالہ کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ متاثرہ گرجا گھروں کی تعمیر نو جاری ہے، ہماری مسلم کمیونٹی نے اپنی مساجد مسیحی برادری کے لیے کھول دیں۔
انہوں نے کہاکہ مسلمان نبی کریم ؐ اور قرآن مجید کی توہین برداشت نہیں کرتے لیکن ہماری اپیل ہے کہ کوئی کبھی بھی قانون کو ہاتھ میں نہ لے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن کا آلہ کار بننے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ہم ایسے واقعات میں ملوث کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کریں گے۔ مسلمان کسی سازش کا آلہ کار نہ بنیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کسی کو قطعاً حق نہیں کہ وہ کسی کے گھر کو آگ لگائے، مساجد کے خطیب حضرات سے گزارش ہے کہ وہ ایسے مواقع پر لاؤڈ اسپیکر کا غلط استعمال نہ ہونے دیں۔