نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی نے مزید 6 وزرا کو نگراں کابینہ میں شامل کر لیا ہے، جس کے بعد کابینہ ارکان کی تعداد 14 ہو گئی ہے۔ نو تعینات کابینہ ارکان نے حلف اٹھا لیا۔
کابینہ ارکان کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ہوئی، جس میں نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی، نگراں وزرا، سابق ارکان اسمبلی، سیاسی وقبائلی عمائدین سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
گورنر بلوچستان ملک عبدالوالی کاکڑ نے کابینہ میں شامل 6 نئے وزرا سے حلف لیا، نگران وزیراعلیٰ علی مردان خان ڈومکی نے حلف اٹھانے والے نگران وزرا کو محکمے بھی تفویض کر دیے۔
ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کومحکمہ صحت، امان اللہ کنرانی کو قانون، پارلیمانی امور اور پراسیکیوشن، نوابزادہ جمال خان رئیسانی کو کھیل، امور نوجوانان اور ثقافت، شیخ محمود الحسن مندوخیل کو بلدیات و دیہی ترقی، سردار اعجاز خان جعفر کوبلدیات و بہبود آبادی جبکہ آصف الرحمان کوبین الصوبائی رابطہ کے قلمدان تفویض کیے گئے ہیں۔
نئے وزرا کے حلف اٹھانے کے بعد نگراں بلوچستان کابینہ میں وزرا کی تعداد 11ہوگئی، جبکہ 3 مشیر بھی کابینہ میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق نگراں صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس کل متوقع ہے۔